Monday , July 24 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر حیدرآباد میں سی سی کیمروں کا جال ، جرائم کی روک تھام کی مساعی

شہر حیدرآباد میں سی سی کیمروں کا جال ، جرائم کی روک تھام کی مساعی

مستقبل قریب میں مزید منصوبے ، کیمروں کی تنصیب میں برق رفتاری
حیدرآباد۔10فروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد بہت جلد مکمل طور پر عصری راست نشریات والے کیمروں کا جال بن جائے گا۔ دونوں شہروں میں کیمروں کی تنصیب کیلئے کاموں کی رفتار انتہائی تیز کردی گئی ہے اور حکومت کی جانب سے ریاست کے صدر مقام میں نصب کئے جانے والے ان کیمروں کا استعمال شہر حیدرآباد کے مختلف محکمہ جات کر پائیں گے۔ حیدرآباد کی سڑکوں پر کیمروں کی تنصیب کے بعد ان کیمروں کے ذریعہ حاصل کئے جانے والے ویڈیوز سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ محکمہ پولیس‘ ٹریفک پولیس‘ محکمہ برقی ‘ محکمہ آبرسانی‘ محکمہ سیول سپلائز کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات بالخصوص سیاحت کی جانب سے استفادہ کی گنجائش حاصل رہے گی۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تیار کردہ اس منصوبہ کوحکومت نے اپناتے ہوئے ریاستی حکومت کے اخراجات پر دونوں شہروں میں گلی گلی کیمروں کی تنصیب کے عمل کی شروعات کی ہے تاکہ مکمل شہر پر نظر رکھی جا سکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے دونوں شہروں کے علاوہ بلدی حدود میں 10ہزارکیمروں کی تنصیب کا عمل شروع کردیئے جانے کے بعد اب حکومت کی جانب سے شہر کو محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کیلئے کئے جانے والے اس اقدام کے بعد حیدرآباد میں جرائم کی شرح میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کی توقع ہے۔ حکومت تلنگانہ نے دونوں شہروں میں 10ہزار کیمروں کی تنصیب کے ساتھ متعلقہ محکموں تک ان کے ویڈیوز کی رسائی کو ممکن بنانے کا اعلان کیا تھا اور دو سال قبل کئے گئے اس اعلان پر اب تیزی سے عمل آوری کا دور شروع کیا جا چکا ہے۔ دونوں شہروں میں جو رات کے اوقات میں کھدوائی کا کام جاری ہے یہ کام ان کیمروں کے کیبل کی تنصیب کیلئے کیا جا رہا ہے اور بہت جلد یہ کا م مکمل کرنے کے بعد شہر میں کیمروں کی تنصیب کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی ذرائع کے بموجب شہر کے تمام علاقوں کو محفوظ زمرے میں شامل کرنے کیلئے کی جانے والی اس کاروائی کو اندرون 6ماہ مکمل کرلئے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس منصوبہ کے مطابق شہر میں موجود کیمروں کے علاوہ 10ہزار معیاری کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔بتایا جاتا ہے کہ ان کیمروں کی تنصیب کے بعد شہر کے تمام تجارتی مراکز کے لائسنس کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے کی تنصیب کے لزوم کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا اور رہائشی کالونیوں میں حکومت کی جانب سے کیمروں کی تنصیب کے بعد علاقہ کے مکینوں کو بھی اپنے طور پر گھروں کے بیرونی حصوں میں کیمروں کی تنصیب کا مشورہ دیا جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT