Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر حیدرآباد کی سڑکیں جو تباہ تھے مزید تباہ ہوگئے

شہر حیدرآباد کی سڑکیں جو تباہ تھے مزید تباہ ہوگئے

جابجا کھڈ ، دو دن کی معمولی بارش میں نوتعمیر و مرمت کردہ سڑکیں بہہ گئیں
حیدرآباد۔9اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر کی سڑکیں جو تباہ حال تھیں وہ اب مزید تباہ ہوچکی ہیں۔ دو یوم کی ہلکی اور شدید بارش نے شہر کی سڑکوں کو مزید تباہ کردیا ہے اور جابجا کھڈ نظر آنے لگے ہیں جس کے سبب آج اتوار کے باوجود شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام رہی۔ دونوں شہروں میں بلدیہ کی جانب سے سڑکوں کی درستگی اور تعمیر کا عمل جاری ہے لیکن ان تعمیرات کے دوران ہونے والی بارش نو تعمیر شدہ سڑکوں کو بہا لے جا رہی ہے جو کہ عوام کے لئے مزید تکلیف کا باعث بن رہا ہے۔ گذشتہ یوم ہوئی بارش کے سبب شہر کے کئی مقامات پر پہلے سے ہی تباہ حال سڑکوں پر موجود کھڈ مزید گہرے ہو گئے ہیں جن کے سبب حادثات کے خدشات میں اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔دسہرہ کے سبب شہر میں آج شاپنگ کی دھوم رہی اور شاپنگ کے لئے نکلنے والوں کو ٹریفک جام کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ چند مقامات پر ٹریفک کا رخ تبدیل کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر کی جا رہی تھی تو کئی مقامات پر سڑکوں کی ابتر حالت کے سبب ٹریفک کے آسان بہاؤ میں دشواریاں پیش آرہی تھیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر میں کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر کی عاجلانہ تکمیل کے اعلانات کئے جا رہے ہیں لیکن ان اعلانات کے باوجود پرانے شہر کی کئی سڑکوں پر اب تک تعمیری کاموں کے آغاز کے اثرات بھی نظر نہیں آرہے ہیں بلکہ جو کھڈ گذشتہ بارش کے دوران نمودار ہوئے تھے وہ مزید گھرے ہوتے چلے جا رہے ہیں۔شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں کی سڑکوں کی حالت ابتر ہے لیکن پرانے شہر کی سڑکوں کی ابتر حالت کا مشاہدہ کرنے کی زحمت گوارہ کرنے والا کوئی عہدیدار نہیں ہے۔پرانے شہر کے بعض علاقوں پرانی حویلی‘ حسینی علم‘ دارالشفاء‘ کالی قبر‘ نورخان بازار ‘ چھتہ بازار‘ پنجہ شاہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں ایام عزہ کے سبب گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود ان علاقوں کی سڑکوں کی مرمت کے بجائے ان سڑکوں پر مورم اندازی کے ذریعہ کام چلاؤ انداز میں کھڈ بند کئے جا رہے ہیں جو زائرین اور راہگیروں کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔اسی طرح پرانے شہر کی کئی اہم سڑکوں کی حالت بھی انتہائی خستہ ہو چکی ہے لیکن ان سڑکوں پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے جس کے سبب ناہموار سڑکیں حادثات کا موجب بن رہی ہیں ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذمہ دار عہدیداران کو چاہئے کہ وہ فوری پرانے شہر کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے خصوصی احکامات و فنڈز کی تخصیص کو یقینی بنائیں ۔

TOPPOPULARRECENT