Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں کے سی آر کے ہاتھوں 396 ڈبل بیڈروم فلیٹس کی تقسیم

شہر میں کے سی آر کے ہاتھوں 396 ڈبل بیڈروم فلیٹس کی تقسیم

تلنگانہ کے 119اسمبلی حلقوں میں 60ہزار مکانات کی تعمیر کا فیصلہ ‘ حیدرآباد کو سلم علاقوں سے پاک بنانے چیف منسٹر کا اعلان

حیدرآباد۔16نومبر ( سیاست نیوز)  ریاستی حکومت تمام 119اسمبلی حلقہ جات میں 60ہزار مکانات کی تعمیر کا منصوبہ تیار کررہی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج آئی ڈی ایچ کالونی میں تعمیر کردہ 396 ڈبل بیڈروم فلیٹس کی حوالگی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر حلقہ اسمبلی میں 400 مکانات تعمیر کرتے ہوئے غریب عوام کیلئے نہ صرف بہترین امکنہ اسکیم چلائی جاسکتی ہے بلکہ شہر کو سلم سے پاک بنانے کے اقدامات بھی کئے جاسکتے ہیں ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے تایا کہ حکومت تلنگانہ غریب عوام کو امکنہ کی فراہمی کیلئے 4000 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کرنے میں مصروف ہے ۔ سال گذشتہ چیف منسٹر نے بھوئی گوڑہ میں واقع اس سلم کا دورہ کرتے ہوئے اس مقام پر عوام کو امکنہ اسکیم کے تحت ڈبل بیڈروم فلیٹس کی تعمیر و فراہمی کا اعلان کیا تھا اور ایک سال کے عرصہ میں 396 فلیٹس تعمیر کرتے ہوئے آج انہیں عوام میں تقسیم کردیا گیا ۔ اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں یہ ایک منفرد اسکیم ہے جس کے تحت سلم علاقوں میں رہنے والے عوام کو حکومت کی جانب سے فلیٹس تعمیر کرتے ہوئے حوالے کئے جارہے ہیں ۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ ‘ مسٹر ٹی سرینواس یادو ریاستی وزیر کمرشیل ٹیکس ‘ مسٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر جی ایچ ایم سی کے علاوہ ریاستی وزراء مسٹر این نرسمہا ریڈی ‘ مسٹر ٹی پدما راؤ ‘ مسٹر پی مہیندر ریڈی ‘ ارکان اسمبلی مسٹر ٹی کرشنا ریڈی ‘ مسٹر کنکا ریڈی کے علاوہ فلیٹس حاصل کرنے والوں کے افراد خاندان موجود تھے ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے فلیٹس کے مالکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے انہیں چھت فراہم کی ہے اور یہ حکومت اپنی ذمہ داری تصور کرتی ہے ۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران مرکز کی جانب سے ریاستی حکومت کے منصوبوں و اسکیمات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت ہر قسم کا تعاون کرنے تیار ہے ۔ مرکزی وزیر لیبر نے بتایا کہ دیپاولی گزرے ہوئے چند یوم ہوئے ہیں لیکن فلیٹ کے مالک بننے والوں کو آج دیوالی جیسی خوشی حاصل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن 2020ء میں ملک کے ہر شہری کو مکان کی فراہمی کا منصوبہ ہے اورحکومت تلنگانہ نے اس منصوبہ پر عملی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ شہرحیدرآباد کو سلم سے پاک بنانے کے تیز تر اقدامات کرے گی ۔قبل ازیں ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس نے خیرمقدمی خطاب کے دوران شرکاء و  مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ معینہ مدت میں آئی ڈی ایچ کالونی کی تعمیر معہ بنیادی سہولیات حکومت کا ایک کارنامہ ہے ۔ کمشنر بلدیہ مسٹر بی جناردھن ریڈی نے اس موقع پر پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اس پراجکٹ کی جنگی خطوط پر تکمیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ 396فلیٹس پر مشتمل اس پراجکٹ میں جملہ 33بلاکس تعمیر کئے گئے ہیں جن میں گراؤنڈ کے علاوہ دو منزلہ عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں ۔ ایک فلیٹ پر جملہ 9.48 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ اس پراجکٹ میں سیوریج ‘ آبرسانی کی لائن کی تنصیب کے علاوہ برقی سربراہی کا بھی آغاز کیا جاچکا ہے جبکہ سی سی روڈ کی تعمیر کا عمل 95فیصد تک مکمل کرلیا گیا ہے ۔ 396 فلیٹس کے اس پراجکٹس میں 16فلیٹس اقلیتوں کو حاصل ہوں گے جبکہ دیگر فلیٹس مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والوں اور 19 سلم کے مکینوں میں تقسیم کئے گئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT