Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں بارش کے بعد سڑکیں جھیل میں تبدیل، ڈرینج اُبل پڑی،ناقص بلدی انتظامات ،برقی سربراہی منقطع

شہر میں بارش کے بعد سڑکیں جھیل میں تبدیل، ڈرینج اُبل پڑی،ناقص بلدی انتظامات ،برقی سربراہی منقطع

حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں گذشتہ دو یوم سے جاری دوپہر کے وقت شدید بارش سڑکوں کو جھیلوں میں تبدیل کررہی ہے۔ آج ہوئی بارش کے دوران شہر کی بیشتر سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہوگئی اور کئی علاقوں میں ڈرینج ابل پڑیں۔ مختلف مقامات پر عوام کو مین ہول کے ڈھکن ہٹاتے ہوئے پانی کے بہاؤ کو آسان بنانے کی کوشش کرتے دیکھا گیا لیکن سیوریج سسٹم میں موجود خامیوں اور عدم صفائی کے سبب ڈرینج کا پانی بہنے کے بجائے واپس ابل رہا تھا جس کی وجہ سے عوام کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے کئی علاقوں معظم جاہی مارکٹ، خیریت آباد، سوماجی گوڑہ، پنجہ گٹہ، لکڑی کا پل، نامپلی، گاندھی بھون، آغاپورہ ، کالاپتھر، تاڑبن، نواب صاحب کنٹہ، تیگل کنٹہ، جہاں نما، فلک نما، چندرائن گٹہ، ملک پیٹ، رسول پورہ، شنکر نگر، کاچیگوڑہ، عنبرپیٹ کے علاوہ دیگر علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی۔ چندرائن گٹہ میں موجود بیشتر علاقوں میں پانی کی نکاسی کے نامناسب انتظامات کے سبب عوام کو پریشان حال پانی خالی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اسی طرح کی صورتحال شہر کے نشیبی علاقوں کی بھی رہی جہاں تیز رفتار بارش کے سبب پانی گھروں میں داخل ہوجانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ گذشتہ کئی دنوں سے جاری محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کو بہتر نہ بنائے جانے کے سبب عوام کو نہ صرف دشواریاں برداشت کرنی پڑ رہی ہے بلکہ بلدیہ کی اس لاپرواہی سے شہر کی سڑکیں بھی خستہ حال ہوجانے کا خدشہ ہے۔ پرانے شہر کے علاقوں میں بارش کے آغاز کے ساتھ ہی برقی سربراہی منقطع ہوگئی اور زائد از 2 گھنٹے تک برقی سربراہی بحال نہیں کی جاسکی۔ شہر کے کئی علاقوں میں مسلسل بارش کے بعد سڑکوں پر جمع پانی کے سبب کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی۔ خیریت آباد، لکڑی کا پل، عابڈس، نامپلی، مانصاحب ٹینک، مہدی پٹنم کے علاوہ دیگر اہم سڑکوں پر ٹریفک جام میں لوگ پھنسے رہے۔ علاوہ ازیں موٹر سیکل رانوں کو بارش کے پانی سے گاڑیوں کو نکالنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ جن علاقوں میں میٹرو ریل کے تعمیراتی کام جاری ہے ان علاقوں میں عوام کو احتیاط برتتے دیکھا جارہا ہے جبکہ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے کئی جگہوں پر گڑھوں کو محفوظ کرنے کے اقدامات نہیں کئے جانے کے سبب یہ گڑھے عوام کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے ڈرینج نظام کو بہتر بنائیں اور پانی کی نکاسی کیلئے نالوں کی صفائی کا آغاز کیا جائے تاکہ جاریہ موسم باراں کے دوران کسی بھی طرح کے حادثات ناگہانی سے بچا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT