Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں بنیادی سہولتوں پر عوام سے رائے عامہ کا صول

شہر میں بنیادی سہولتوں پر عوام سے رائے عامہ کا صول

روزنامہ سیاست میں خصوصی کالم کا آغاز ، عوام کو رائے پیش کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہری علاقوں میں عوام بلدیہ اور حکومت سے کم از کم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی توقع کرسکتے ہیں بلکہ اپنے نمائندوں کے ذریعہ بنیادی سہولتوں کی بہتری کا مطالبہ کرسکتے ہیں ۔ چونکہ شہر میں بسنے والا ہر شہری راست یا بالواسطہ طور پر ٹیکس ادا کررہا ہے اور ہر ٹیکس ادا کرنے والے کو اس بات کا حق حاصل ہے کہ وہ حکومت کو بتائے کہ وہ چاہتا کیا ہے اور اسے حاصل کیا نہیں ہورہا ہے ۔ برسہا برس میں ایک ترقیاتی پراجکٹ کی تکمیل علاقہ کی ترقی کا سبب نہیں بن سکتی اسی لیے یہ ضروری ہے کہ اس جمہوری نظام میں عوام اپنے وجود کا احساس دلاتے ہوئے اپنے مطالبات کو پیش کریں تاکہ حکومت اور نمائندے ان کے مطالبات کی یکسوئی کے لیے مجبور ہوجائیں ۔ جمہوری طرز حکمرانی میں عوام کی رائے کو کافی اہمیت حاصل ہوتی ہے لیکن عوام کی جانب سے عملی طور پر اس نظام میں حصہ نہ لیے جانے کے باعث شہری علاقوں کی حالت بھی ابتر ہوتی جارہی ہے ۔ دہلی میں عام آدمی پارٹی نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد محلہ کمیٹی کے نظریہ کو قابل عمل بناتے ہوئے عوام کی رائے کے مطابق ترقیاتی کام انجام دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے عوام کی مرضی کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے ۔ اسی طرح کا طریقہ وارڈ ممبر کی شکل میں ہمارے پاس بھی موجود ہے لیکن اسے کارکرد بنانے کی ضرورت ہے ۔ عوام اگر اپنے مسائل کو خاموشی سے برداشت کا طریقہ کار ترک کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کریں کہ اب وہ خاموش نہیں رہیں گے بلکہ بنیادی سہولتوں کے لیے آواز اٹھائیں گے تو نہ صرف سیاستدانوں بلکہ عہدیداروں کو عوامی مطالبات کے آگے سر تسلیم خم کرنا پڑے گا ۔ شہریوں کو درپیش بنیادی مسائل بالخصوص صفائی نظام ، سڑکیں ، اسٹریٹ لائٹس ، اسکولس ، راشن شاپ ، کیروسین ، شاپ ، پرائمری ہیلت سنٹر وغیرہ کی ضرورت یا عدم کارکردگی پر ہم آپ کی آواز کو عوامی آواز میں تبدیل کریں گے ۔ آپ کے مسائل کے متعلق تو اکثر اخبارات میں خبریں آتی رہتی ہیں لیکن اب ہم آپ سے یہ سوال کریں گے کہ ’’ عوام کیا چاہتے ہیں ‘‘ اس عنوان کے ذریعہ اب آپ کے مسائل کے حل کے لیے آپ کی رائے جانتے ہوئے آپ کے مقامی مسائل کو حل کروانے کے لیے عوامی دباؤ کے لیے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ شہریان حیدرآباد کو نہ صرف بنیادی سہولتیں حاصل ہوں بلکہ بہتر ماحول میں آزادانہ طور پر اپنی رائے پیش کرنے کا حق حاصل رہے ۔ ’’ عوام کیا چاہتے ہیں ‘‘ کے عنوان سے شروع کئے جارہے اس کالم کے لیے آپ اپنے مسائل اور ان کا آپ کی نظر میں جو حل ہے وہ صاف خوش خط لکھ کر ہمیں دفتر سیاست پر روانہ کریں اور واضح طور پر عنوان لکھیں ’’ عوام کیا چاہتے ہیں ‘‘ ۔۔

TOPPOPULARRECENT