Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی و ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل پر خصوصی توجہ

شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی و ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل پر خصوصی توجہ

کے تارک راما راؤ نے بلدی نظم و نسق کا قلمدان حاصل کرلیا ، عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 10۔  فروری  (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج بلدی نظم و نسق کے قلمدان کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ انہوں نے آج سکریٹریٹ میں اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لی۔ اس موقع پر کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد انتخابی جلسہ عام میں چیف منسٹر نے شہر کی ترقی کیلئے بلدی نظم و نسق کا قلمدان کے ٹی آر کے حوالہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انتخابی نتائج کے بعد اس سلسلہ میں باقاعدہ احکامات جاری کئے گئے۔ کے ٹی راما راؤ نے بلدی نظم و نسق اور میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ شہر کے ترقیاتی اسکیمات کا جائزہ لیا۔ ٹی آر ایس نے حیدرآباد کی ترقی کے بارے میں عوام سے جو وعدے کئے تھے،

 

ان کی تکمیل پر کے ٹی آر خصوصی توجہ دیں گے۔ وہ پنچایت راج اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے قلمدانوں کے ساتھ ساتھ شہری ترقی پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں جامع منصوبہ تیار کیاجائے تاکہ آئندہ تین برسوں میں بیشتر وعدوں کی تکمیل ممکن ہوسکے۔ انہوں نے شہر میں  غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر اسکیم کا جائزہ لیا۔ حکومت نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آئندہ چار برسوں میں مرحلہ وار انداز میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی راما راؤ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بلدی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر رائے دہندوں سے اظہار تشکر کریں گے۔ وہ عوامی مسائل کا بذات خود جائزہ لینا چاہتے ہیں ۔ امید کی جارہی ہے کہ کے ٹی آر کو بلدی نظم و نسق کا قلمدان حوالے کرنے سے شہر کی تیز رفتار ترقی یقینی ہوپائے گی۔

TOPPOPULARRECENT