Tuesday , July 25 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں ترکاریوں کی قیمتوں میں اچانک 3 گنا اضافہ

شہر میں ترکاریوں کی قیمتوں میں اچانک 3 گنا اضافہ

خاطر خواہ پیداوار کے باوجود موسم گرما کا بہانہ بناکر لوٹ کھسوٹ
حیدرآباد۔7مارچ (سیاست نیوز) شہر میں ترکاریو ںکی قیمتیں ایک مرتبہ پھر سے آسمان کو چھونے لگی ہیں اور ٹماٹر کی قیمتوں میں ایک ہفتہ کے دوران 3گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ تیزی سے موسم گرما کے اثرات قرار دی جا رہی ہے لیکن کسانوں کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں بھی انہیں کولڈ اسٹوریج کی مناسب سہولت نہ ہونے کے سبب قیمتوں میں تیز رفتار اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پیداورا میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے لیکن کولڈ اسٹوریج کی عدم موجودگی کے سبب ترکاریاں خراب ہورہی ہیں جو کہ قیمتوں میں اضافہ کا باعث ہے۔ تاجرین اور محکمہ زراعت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس مسئلہ کے ساتھ ساتھ پیداوار میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے اثرات قیمتوں پر مرتب ہونے لگے ہیں۔ گذشتہ ہفتہ شہر میں ٹماٹر کی قیمت 10روپئے فی کیلو تھی لیکن اب ٹماٹر 30روپئے فی کیلو تک پہنچ گئی ہے۔ حیدرآباد کو ٹماٹر شہر کے اطراف واقع مواضعات وقارآباد‘ معین آباد‘ شنکر پلی‘ عزیز نگر ‘ چیوڑلہ کے علاوہ دیگر علاقو ںسے پہنچتا ہے اسی طرح دیگر ترکاریوں کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ ایک ہفتہ کے دوران بھینڈی کی قیمت میں 10 روپئے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہری مرچ کی قیمت میں بھی کم و بیش 10 روپئے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دونوں شہروں میں ترکاریوں کی قیمت میں ہونے والے اضافہ کو روکنے کیلئے سرکاری سطح پر فوری اقدامات کئے جانے ضروری ہیں کیونکہ اسی رفتار سے ترکاری کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا تو آئندہ ماہ کے دوران ترکاری کی قیمتیں کافی زیادہ بڑھ جائیں گی۔بتایاجاتا ہے کہ اگر شہر کے مختلف رعیتو بازاروں میں کولڈ اسٹوریج کی سہولت فراہم کی جانے لگے تو ایسی صورت میں موسم گرما کے اثرات ترکاریوں پرمرتب نہیں ہوں گے اور قیمتوں کنٹرول میں رہیں گی۔ رعیتو بازاروں میں ترکاری فروشوں کا کہنا ہے کہ کولڈ اسٹوریج کی سہولت میسر آجائے تو ایسی صورت میں 50فیصد تک قیمتوں میں اضافہ کے مسئلہ پر قابو پایا جا سکتا ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بازاروں میں کولڈ اسٹوریج کی سہولت فراہم کرے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہرو ںمیں دیگر ترکاریوں گوبھی‘ بنیس‘ گاجر‘ شملہ مرچ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور آئندہ دنوں میں آلو‘ اروی اور بینگن کی قیمت میں بھی اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT