Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں جمعہ کو 44 ڈگری درجہ حرارت کا امکان

شہر میں جمعہ کو 44 ڈگری درجہ حرارت کا امکان

حیدرآباد۔ 19اپریل (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کے بموجب شہر میں بروز جمعہ گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔بتایا جاتا ہے کہ 22اپریل بروز جمعہ حیدرآباد میں درجہ حرارت 44ڈگری تک پہنچ جائے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں پہلی مرتبہ اپریل کے ان ایام میں 44ڈگری درجہ حرارت کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دو یوم قبل اچانک ہوئی ہلکی اور تیز بارش کے سبب شہریوں کو کچھ راحت میسر آئی تھی لیکن اب دوبارہ گرمی بام عروج پر پہنچنے لگی ہے۔22اور 23اپریل کو 44ڈگری درجہ حرارت کی پیش قیاسی کے ساتھ مطلع ابر آلود رہنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے بموجب حیدرآباد میں اپریل کے آخری ہفتہ میں گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کیئے جانے کا امکان ہے۔دودنوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری شدید گرمی کے دوران گرم ہواؤں کے چلنے کا انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ گرمی کی لہر کا انتباہ اب بھی برقرار ہے۔ گرمی میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ہی حکومت نے گرمائی تعطیلات میں ترمیم کا فیصلہ کرتے ہوئے 16اپریل سے تعطیلات دینے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔آئندہ دو یوم میں اضافہ ہونے والی امکانی گرمی سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے اسی لئے عوام کو چاہئے کہ وہ جہاں تک ممکن ہو سکے دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں اور دن بھر میں 12تا15گلاس پانی کے استعمال کی عادت ڈال لیں تاکہ شدید گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔ علاوہ ازیں ٹھنڈے بوتل بند مشروبات کے استعمال کو ترک کرتے ہوئے قدرتی طور پر ٹھنڈے رہنے والی اشیاء کے استعمال کو ترجیح دیں۔لیمو پانی ‘ تربوز ‘ موسمی ‘ کھیراوغیرہ کا استعمال انتہائی فائدہ بخش ثابت ہوگااور ان اشیاء کے صحت پر کوئی مضر اثرات بھی نہیں ہوتے۔آئندہ دنوں میں جب 44ڈگری درجہ حرارت کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے ان ایام میں بچوں کو بھی دھوپ سے بچائیںتاکہ انہیں لو لگنے سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ بچوں کو بھی زیادہ سے زیادہ پانی کے استعمال کی ترغیب دیں۔

TOPPOPULARRECENT