Sunday , June 25 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ

شہر میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ

گرما کے دوران موسمی کیفیت میں غیرمعمولی تبدیلی شدت کا امکان

حیدرآباد۔16فروری(سیاست نیوز) گرمی کی تمازت میں ہورہے بتدریج اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے جاریہ ماہ کے اواخر میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ36ڈگری سے تجاوز کر جانے کی پیش قیاسی کی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں تیزی سے تبدیل ہو رہی موسمی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہری علاقو ںمیں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور جاریہ ماہ کے اواخر میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ موسم سرما کی شدت کے رات کے اوقات میں اب بھی اثرات محسوس ہو رہے ہیں اور رات کے وقت شہر کے نواحی علاقوں میں ٹھنڈک اب بھی محسوس کی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود دن کے وقت میں گرمی کی شدت کے سبب لوگوں نے ائیر کنڈیشنس کا استعمال شروع کردیا ہے۔ موسمی تبدیلی کے ساتھ ہی اس کے جسم پر ہونے والے اثرات بھی تیزی سے بدلتے جاتے ہیں جس کے سبب موسمی تبدیلی کے عوارض محسوس کئے جاے لگتے ہیں۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات یا پانی بے دریغ استعمال کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے کیونکہ ایسا کرنے سے انسانی طبعیت میں موجود اعتدال پر منفی اثرات مرتب ہونے لگتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ماہ یعنی مارچ کے دوران گرمی کی شدت میں کچھ حد تک اعتدال ریکارڈ کیا جائے گا اور درجہ حرارت 32تا36 ڈگری کے درمیان ہوگا لیکن اپریل اور مئی کے مہینہ میں درجہ حرارت 40تا42سے تجاوز کرجانے کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔ شہر ی علاقو ںمیں درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے جا رہے اضافہ کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی گرمی کے علاوہ اے سی سے خارج ہونے والی گرمی اور درخت نہ ہونے کے سبب کم درجہ حرارت میں بھی اضافی تمازت محسوس کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT