Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں سفر کیلئے بائیک کو ترجیح، موٹر کار کے استعمال میں کمی

شہر میں سفر کیلئے بائیک کو ترجیح، موٹر کار کے استعمال میں کمی

وقت اور ٹریفک سے بچنے کی حکمت، گاڑیوں کی فروخت کے سروے میں انکشاف
حیدرآباد 13 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں لوگ سفر کے لئے کار سے زیادہ بائیک کو ترجیح دے رہے ہیں جس کی اہم وجہ سڑکوں پر موجود بے ہنگم ٹریفک بتائی جاتی ہے۔ حالیہ دنوں میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق عوام کار کے بجائے موٹر سیکل پر سفر کو ترجیح دے رہے ہیں اور 20 فیصد ملازمین اپنی ملازمت کے لئے موٹر سیکل پر روانہ ہورہے ہیں۔ جبکہ صرف 4 فیصد ایسے ملازم ہیں جو کار کا استعمال کرتے ہوئے دفاتر پہونچ رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں مختلف موٹر سیکلس کی فروخت میں ہورہے اضافہ کے باعث کئے گئے اس سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک کے سبب کار کا استعمال انتہائی دشوار کن امر ہوتا جارہا ہے اور کار میں پہونچنے والے ملازمین اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ وہ اپنے دفتر کو تاخیر سے پہونچ رہے ہیں۔ کمپنیوں کی جانب سے جن ملازمین کو کار میں روانگی کی سہولت فراہم کی جارہی تھی وہ ملازمین بھی اب موٹر سیکل کے استعمال کو ترجیح دے رہے ہیں کیوں کہ کار میں گھر پہونچتے پہونچتے اُنھیں کافی تاخیر ہونے لگی تھی۔ سروے کے مطابق شہر حیدرآباد میں ایک عام شہری روزانہ تقریباً 40 کیلو میٹر کی مسافت طے کرتا ہے جس میں اکثریت ملازمین کی ہے۔ شہر میں استعمال کی جانے والی موٹر کاروں کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ اکثر موٹر کاریں ملازمین کی نہیں ہیں بلکہ موٹر کاریں شہر میں نظر آتی ہیں اُن میں اکثریت تجارتی طبقہ کی ہے۔ علاوہ ازیں تفریحی مقاصد یا پھر خاندان کے ساتھ سفر کرنے والے افراد بھی موٹر کار کے استعمال کو ترجیح دے رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں میٹرو ٹرین کے تعمیراتی کاموں کے سبب کئی ایک سڑکوں پر ٹریفک جام روز کا معمول بنا ہوا ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے ٹریفک کا رُخ موڑنے کے کئی اقدامات کئے گئے ہیں، اُس کے باوجود بڑی گاڑیوں کے سڑکوں پر آجانے سے اچانک ٹریفک جام ہونے کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں، اِسی لئے نوجوان بالخصوص طلبہ، ملازمین و دیگر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد کار کے بجائے موٹر سیکل استعمال کررہے ہیں۔ اس سروے میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ 18 فیصد عوام بسوں اور ٹرین کی سرویس کا استعمال کررہے ہیں جنھیں حیدرآباد میٹرو ریل کے آغاز کا بے صبری سے انتظار ہے۔

TOPPOPULARRECENT