Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں مسائل کا انبار ، عالمی معیار کا شہر بنانے پر استفسار : ملی بٹی وکرامارک

شہر میں مسائل کا انبار ، عالمی معیار کا شہر بنانے پر استفسار : ملی بٹی وکرامارک

منصوبہ کے مطابق ترقی پر توجہ ، اسمبلی میں وزیر فینانس کا جواب
حیدرآباد۔21ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کرنے کی بات کررہی ہے لیکن دونوں شہروں کی حالت بتدریج بگڑتی جا رہی ہے ان حالات میں حکومت کس طرح شہر کو عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کرے گی؟ رکن اسمبلی کانگریس مسٹر ملو بٹی وکرمارک نے ایوان اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران شہر کی خستہ حال سڑکوں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں حکومت کی ناکامی کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد میں مسائل کے انبار ہیں جنہیں حل کرنے میں حکومت کی دلچسپی نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے پرانے شہر کی سڑکو ں اور اس علاقہ کے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کرنے کے لئے شہر کے ہر علاقہ میں معیاری بنیادی سہولتوں کی فراہمی ناگزیر ہے ۔مسٹر ملو بٹی وکرمارک نے بتایا کہ شہر کے کئی علاقوں میں حالات انتہائی ابتر ہوتے جا رہے ہیں اور سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہوتی جا رہی ہیں ان حالات میں حکومت حیدرآباد کو کس طرح سے عالمی معیار کے شہروں کی فہرست میں شامل کروائے گی؟ مسٹر ای راجندر ریاستی وزیر فینانس نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے شہر حیدرآباد کو عالمی طرز کے شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کیلئے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق حکومت کی جانب سے ترقیاتی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔انہوںنے بتایا کہ ریاستی حکومت شہر کی ترقی کے متعلق سنجیدہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT