Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں پارکنگ نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات

شہر میں پارکنگ نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات

یوروپی طرز کے پارکنگ مقامات کی تعمیر ، فن لینڈ کے وفد سے ملاقات
حیدرآباد /8 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر میں پارکنگ نظام کو بہتر بنانے اور غیر مجاز پارکنگ کی روک تھام کیلئے بلدیہ نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور بڑے پیمانے پر پارکنگ سہولت فراہم کرنے کیلئے مشق کی جارہی ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے شہر کے پارکنگ نظام کو بہتر بنانے یوروپی ممالک کی طرز پر کام کرنے کا ارادہ کیا ہے ۔ اس خصوص میں یوروپی شہر فن لینڈ کے ایک وفد سے بھی بات چیت جاری ہے ۔ مئیر حیدرآباد مسٹر بنتو رام موہن اور ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے فن لینڈ کے وفد سے بات کی اور وفد کے مفید مشورے حاصل کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے بڑے پارکنگ کامپلکس عابڈس ، آئی میکس اور شلپارامم پر موجودہ پارکنگ یارڈز کو بہتر اور مزید سہولت بخش بنایا جائے گا ۔اس خصوص میں مئیر حیدرآباد مسٹر بنتو راموہن نے بتایا کہ شہر میں 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں پائی جاتی ہیں اور ان گاڑیوں کی پارکنگ کا اہم مسئلہ بن گیا ہے ۔ شہر کے موجودہ پارکنگ نظام کو بہتر بنانا اہم ضرورت بن گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیہ کی جانب سے اس جانب خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فن لینڈ کے وفد نے بلدیہ کو مفید مشورے دئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک نظام بالخصوص پارکنگ مسئلہ کی یکسوئی کیلئے عابڈس ، آئی میکس اور شلپارامم کے مقامات پر تجرباتی اقدام کیا جائے گا اور اس خصوص میں پارکنگ نظام کیلئے خصوصی ایپ تیار کیا گیا ہے اور اس کو پارکنگ یارڈز سے جوڑ دیا جائے گا تاکہ مکمل شفافیت کے ساتھ عمل کو یقینی بنایا جاسکے ۔اس موقع پر فن لینڈ کے وفد نے بلدیہ کو بہتر پارکنگ نظام کے ساتھ ساتھ آمدنی کے وسائل میں اضافہ کا بھی مشورہ دیا ۔ اس موقع پر بلدیہ کے اعلی عہدیدار موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT