Saturday , July 22 2017
Home / جرائم و حادثات / شہر میں کوکین سپلائی کا ریاکٹ بے نقاب :2 گرفتار

شہر میں کوکین سپلائی کا ریاکٹ بے نقاب :2 گرفتار

حیدرآباد ۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) منشیات کے خلاف کارروائیوں میں محکمہ آبکاری نے شدت پیدا کردی اور آج ایک ایسے ریاکٹ کو بے نقاب کیا جو کوکین سپلائی کررہا تھا۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل کمشنر اکسائز مسٹر اجے راؤ نے بتایا کہ دو افراد کو شہر سے گرفتار کرلیا گیا ہے جو کوکین سپلائی کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مراد نگر مہدی پٹنم کے ساکن ذیشان علی خان عرف جان اور نائجیریائی باشندے بیرنالڈ ویلن عرف ویلن کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروہیبیشن اینڈ اکسائز کے ٹول فری نمبر پر ملی شکایت کے بعد پولیس نے کارروائی کی ۔ ذیشان کو آئی ٹی سی ٹاور کے قریب سے گرفتار کرلیا گیا جو کوکین فروخت کررہا تھا جبکہ ویلن کو اس کی محبوبہ کے مکان سے گرفتار کیا گیا جو فائیو اسٹار ہوٹل میں اکثر وقت گذارا کرتا تھا۔ ویلن کو جاریہ سال گولکنڈہ پولیس نے منشیات کے معاملہ میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتار نائجیریائی باشندہ اپنے ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود مقیم تھا اور پی اینڈ ٹی کالونی سن سٹی میں رہتا تھا۔ اکسائز پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس ٹیم نے ان کے قبضہ سے کل 12 گرام کو کین کو ضبط کرلیا۔ ایڈیشنل کمشنر اکسائز نے بتایا کہ گرفتار افراد کے فیس بک اور واٹس ایپ سے ان کے مزید تعلقات کا پتہ چلایا جارہا ہے کہ آیا وہ اس کوکین کو کہاں اور کن افراد کو فروخت کرنے تھے جن میں اکثریت ریگولر کسٹمرس کی بتائی گئی ہے جبکہ کوکین بیرون ممالک سے بذریعہ طیارہ کوریئر کے ذریعہ ملک منتقل کیا جارہا ہے۔ اکسائز پولیس نے اس سلسلہ میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے متحرک کردیا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT