Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / شہر میں 18مقامات پر فلائی اوورس کی تعمیر کا جون سے آغاز

شہر میں 18مقامات پر فلائی اوورس کی تعمیر کا جون سے آغاز

تلنگانہ حکومت کے اہم ترین پراجکٹ کیلئے جائیدادوں کا حصول، ممبئی کی کمپنی کنٹراکٹ حاصل کرنے کوشاں

حیدرآباد۔/9مارچ، ( سیاست نیوز) شہر کو عالمی سطح پر ترقی دینے حکومت تلنگانہ کے پسندیدہ منصوبہ پر عمل آوری کیلئے ہمہ  سطحی فلائی اوورس کی تعمیر کا آغاز ہورہا ہے۔ شہر کے 18مقامات کی اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پلان (ایس آر ڈی پی ) کے تحت فلائی اوورس، اسکائی واکس اور گریٹ سپریشن پراجکٹ کیلئے نشاندہی کی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے کاسو برہمانند ریڈی پارک، ایل بی نگر اور بہادر پورہ علاقوں کے درمیان زائد از 319 جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان جائیدادوں کو فلائی اوورس کی تعمیر کیلئے حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ پراجکٹ پر کام شروع ہونے سے قبل ان جائیدادوں کے حصول کیلئے حکومت نے ہدایت دی ہے۔ شہر میں ٹریفک ہجوم کو کم کرنے کیلئے فلائی اوورس کی تعمیر کو ناگزیر سمجھا جارہا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے جوبلی ہلز چیک پوسٹ چوراستہ پر 21جائیدادوں،  فلم نگر چوراستہ پر 6 جائیدادوں، روڈ نمبر 45 جنکشن پر 8جائیدادوں، کینسر ہاسپٹل جنکشن پر 2، کے بی آر پارک انٹرنس جنکشن پر 11جائیدادوں، مہاراجہ اگریسن چوک جنکشن پر 10 جائیدادوں، بہادر پورہ چوراستہ کے قریب 58 جائیدادوں، رسول پورہ چوراستہ پر 3جائیدادوں، کامنینی ہاسپٹل تا ایل بی نگر سڑک پر 4جائیدادوں، ایل بی نگر اور چنتل کنٹہ راہ کے درمیان 7جائیدادوں، ایل بی نگر اور ساگر رنگ روڈ کے درمیان 5جائیدادوں، ایل بی نگر جنکشن پر 42جائیدادوں، بگ بازار سے منصورآباد ولیج کے درمیان 24جائیدادوں، بگ بازار اور ناگول کے درمیان 3جائیدادوں، کامینینی جنکشن پر 29جائیدادوں، راجیوگاندھی مجسمہ جنکشن بمقام کے پی ایچ پی کالونی کے قریب 4جائیدادوں اور اویسی ہاسپٹل چوراستہ کے قریب 11جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے سٹی پلانر سربراہ ایس دیویندر ریڈی نے کہا کہ بلدیہ کے عہدیداروں نے فلائی اوورس کی تعمیر کیلئے تقریباً 60 سرکاری اور 260 خانگی جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے۔ فلائی اوورس کی تعمیر کے پہلے مرحلہ کے لئے جی ایچ ایم سی کو اوپل میں سروے آف انڈیا کی 2ایکر زمین کی ضرورت پڑیگی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی سے کے بی آر نیشنل پارک کے قریب9ایکر زمین حاصل کی جائے گی۔ فلائی اوورس کی تعمیر کیلئے سرکاری جائیدادوں کو حاصل کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں بات چیت جاری ہے۔ جائیدادوں کے حصول کو ایک ماہ کے اندر پورا کرلیا جائے گا۔ دیویندر ریڈی نے مزید کہا کہ جائیدادوں کے حصول کیلئے ایک سروے ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو خانگی اور سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی کرے گی اور ان جائیدادوں کو جلد سے جلد حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تاہم اس بات کا پتہ چلا ہے کہ جی ایچ ایم سی کے میونسپل اڈمنسٹریشن اینڈ اربن ڈیلوپمینٹ کے عہدیداروں نے وزیر اربن ڈیولپمینٹ کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے شہر میں فلائی اوورس کی تعمیر کیلئے ٹاؤن پلاننگ عہدیداروں کے ساتھ مل کر منصوبہ کو روبہ لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ فلائی اوورس کی تعمیر کیلئے ٹنڈرس جاری کئے جارہے ہیں۔ اس کا کنٹراکٹ حاصل کرنے ممبئی کی ایک کمپنی کوشش کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT