Sunday , August 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے صفائی ضروری

شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے صفائی ضروری

بلدیہ بھینسہ میں رکن اسمبلی وٹھل ریڈی کا جائزہ اجلاس سے خطاب
بھینسیہ۔ 26 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کسی بھی شہر میں صاف صفائی اور پاک ماحول رکھنا عوام کی اصل ذمہ داری ہے کیونکہ عوام اپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھتے ہوئے شہر کو سرسبز و شاداب بنا سکتے ہیں جس سے شہر کو خوبصورتی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے اور شہر کو آلودگی سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی نے بھینسہ بلدیہ میں منعقد کردہ ٹاؤن سطح (او ڈی ایف) کمیٹی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوچھ بھارت و سوچھ تلنگانہ کے تحت حکومت نے شہروں کی ترقی اور صاف صفائی کی جانب توجہ دیتے ہوئے شہروں میں انفرادی و اجتماعی بیت الخلاؤں کی تعمیر کیلئے منظوری دی ہے جس کے تحت شہر میں گندگی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے گڈ ناواگو پراجیکٹ کے منی ٹینک باؤنڈ اور گارڈن تعمیر کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے 3 کروڑ روپئے کی منظوری عمل میں آئی ہے۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف عوامی مقامات پر گارڈن (پارک) تعمیر کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ ہے اور بلدیہ بھینسہ کو 15 جون تک او ڈی ایف میں شامل کرنے کا تیقن دیا۔ قبل ازیں بلدیہ کمشنر اے پربھاکر نے بلدیہ کی کارکردگی اور صاف صفائی کے انتظامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں بلدیہ انجینئر ناگیشور راؤ نے شہر کے تمام 23 وارڈس میں منظور شدہ 3,249 بیت الخلاؤں کی تفصیلات پیش کی اور زیر تعمیر، تعمیر شدہ اور شہر کے مختلف مقامات پر بلدیہ کی جانب سے اجتماعی تعمیر شدہ بیت الخلاؤں کی تفصیلات پیش کی۔ اس موقع پر بھینسہ بلدیہ کی جانب سے رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کا استقبال کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر بلدیہ ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر وینکٹ ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ، راملو، انچارج سیکریٹری مارکٹ کمیٹی، جی ساریہ آر ٹی سی ڈپو مینیجر، آنگن واڑی پراجیکٹ آفیسر مدہول، لائینس کلب اراکین شیشو پٹیل کے علاوہ سندیپ کلکرنی کے علاوہ او ڈی ایف ممبران محمد کلیم الدین خالد اور چرن ریڈی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT