Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر کی ترقی کیلئے حکومت کے کئی پراجیکٹس اور اسکیمات

شہر کی ترقی کیلئے حکومت کے کئی پراجیکٹس اور اسکیمات

گریٹر حیدرآباد کے رائے دہندوں سے ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کی اپیل : کے کویتا کا بیان
حیدرآباد۔/22جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا نے گریٹر حیدرآباد کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے حیدرآباد کی ترقی کو یقینی بنائیں۔ کویتا نے آج حلقہ اسمبلی مشیرآباد کے رام نگر اور دیگر بلدی ڈیویژنس میں پدیاترا کے ذریعہ انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے شہر کی ترقی کیلئے شروع کردہ مختلف پراجکٹس اور فلاحی اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شہر کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ رکھتے ہیں۔ کویتا کے دورہ کے موقع پر جگہ جگہ عوام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا اور رائے دہندوں نے ٹی آر ایس کی تائید کا یقین دلایا۔ پدیاترا میں ٹی آر ایس کے امیدوار ایم بھاگیہ لکشمی یادو، وی سرینواس ریڈی بھی موجود تھے۔ صبح 9بجے گولکنڈہ چوراہے سے پدیاترا کا آغاز ہوا اور کویتا نے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ کویتا کے دورہ کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے بعض قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ کویتا نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں میئر کا عہدہ ٹی آر ایس کا ہوگا اور 100سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹی آر ایس اپنا میئر منتخب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے عوام نے سابق میں تمام جماعتوں کو بلدیہ میں موقع فراہم کیا لیکن کسی نے پسماندگی کے خاتمہ کی فکر نہیں کی۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ ایک بار ٹی آر ایس کو بلدیہ کا اقتدار حوالے کریں تاکہ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے خواب کی تکمیل کیلئے عوام کو تعاون کرنا چاہیئے جس طرح سنہرے تلنگانہ کی تشکیل چیف منسٹر کا خواب ہے اسی طرح حیدرآباد کی ترقی اور غریبوں کے معیار زندگی میں بہتری کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ کویتا نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ورنگل ضمنی انتخاب کی طرح بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ کویتا نے کانگریس اور تلگودیشم کو مشورہ دیا کہ وہ تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرے اور تنقیدوں سے گریز کرے۔ انہوں نے بتایا کہ مشیرآباد حلقہ میں 2012ء تک  24کروڑ روپئے کے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے لیکن تلنگانہ کی تشکیل کے بعد 18ماہ میں 505ترقیاتی کام منظور کئے گئے اور 327کاموں کی تکمیل کی گئی جس پر 13کروڑ 29لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ باقی 15کروڑ 84لاکھ کے ترقیاتی کام جلد مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ہر بلدی ڈیویژن میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور انہیں یقین ہے کہ عوام کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT