Tuesday , September 26 2017
Home / جرائم و حادثات / شہر کے اہم چوراہوں پر پولیس عملے کے بغیر ٹریفک کنٹرول

شہر کے اہم چوراہوں پر پولیس عملے کے بغیر ٹریفک کنٹرول

قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھنے سادہ لباس جوانوں کی تعیناتی، جتیندر کا بیان
حیدرآباد ۔ /28 اکٹوبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں کے اہم چوراہوں پر بغیر کوئی ٹریفک پولیس کے ٹریفک کے بہاؤ کو  باقاعدہ بنانے کیلئے حیدرآباد ٹریفک پولیس نے ایک منصوبہ تیار کیا ہے اور تجرباتی طور پر گزشتہ ایک ماہ سے اس پر عمل آوری جاری ہے ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر جتیندر نے سیاست نیوز کو بتایا کہ بیرونی ممالک کی طرز پر حیدرآباد میں بھی بغیر ٹریفک عملہ کے ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کی کوشش کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کو  ”Copless Junction”  کا نام دیا گیا ہے اور اسکیم کے تحت شہر کے اہم چوراہوں بشمول جوبلی ہلز چیک پوسٹ چوراہا ، پنجہ گٹہ چوراہا ، خیرات آباد چوراہا اور دیگر مقامات شامل ہیں ۔ اس منصوبے کے تحت چوراہوں پر ٹریفک پولیس عملہ کو وردی میں متعین نہیں کیا جارہا ہے جبکہ سادہ لباس میں ملبوس ٹریفک عملہ کو چوراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھنے اور سگنل یا دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ان کا تعاقب کرکے انہیں چالان کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ مسٹر جیتیندر نے مزید بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے دونوں شہروں میں اس منصوبے پر عمل آوری جاری ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ آج کے اس انفارمیشن  ٹکنالوجی والے دور میں جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرنا لازم ہے اور ٹریفک پولیس بھی اس کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری لانے اور شہریان کو سہولتیں فراہم کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک نے بتایا کہ بغیر ٹریفک پولیس عملہ والے جنکشن پر کاپ لیس جنکشن کا سائن بورڈ نصب کیا جاتا ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی خفیہ طور پر ویڈیو گرافی بھی کی جاتی ہے اور بعد ازاں انہیں چالان کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بیرونی ممالک میں ٹریفک کی خلاف ورزی نہ کے برابر ہے کیونکہ وہاں کی عوام ٹریفک قوانین کا احترام کرتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں بھی گزشتہ سالوں کا اگر تقابل کیا جائے تو شہریان میں ٹریفک قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کرنے میں کافی بہتری دیکھی گئی ہے ۔ مسٹر جیتندر نے بتایا کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس عوام میں ٹریفک قوانین کا احترام کرنے کیلئے شعور بیداری مہم بھی وقفہ وقفہ سے چلارہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور غیرضروری چالانات سے بچیں ۔

TOPPOPULARRECENT