Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر کے مضافات میں چار بس ٹرمنلس قائم کرنے کی تجویز

شہر کے مضافات میں چار بس ٹرمنلس قائم کرنے کی تجویز

ٹریفک پر قابو پانے اور آسان بہاؤ کو ممکن بنانے کے اقدامات ، ایچ ایم ڈی اے کی حکومت کو رپورٹ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی اور سفر کو آرام دہ بنانے کے لیے شہر کے مضافات میں 4 بس ٹرمنلس قائم کرنے کی تجویز ہے ۔ جس پر تقریبا 400 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے ۔ 15 دن میں ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ گلوبل سٹی کے طرز پر ترقی کرنے والے شہر حیدرآباد میں دن بہ دن ٹریفک مسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ ٹریفک مسائل کو حل کرنے کے لیے حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے ایک حکمت عملی تیار کی ہے ۔ پبلک پرائیوٹ پاٹنر شپ معاہدے کے تحت شہر کے مضافات میں عالمی طرز کے 4 بس ٹرمنل تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی ہے ۔ مسافرین کو عمدہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے میاں پور کی 55 ایکڑ وسیع اراضی پر 100 کروڑ روپئے کے مصارف سے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ ( پی پی پی ) کے تحت انٹر سٹی بس ٹرمنل پراجکٹ ( آئی سی بی ٹی ) کی تعمیرات کا آغاز ہوگیا ہے ۔ اس کی تعمیر سے ملک کی دوسری ریاستوں سے حیدرآباد پہونچنے والے گاڑیوں کی آمد و رفت کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور بڑی حد تک ٹریفک مسئلہ بھی حل ہوجائے گا ۔ اس بس ٹرمنل کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر کے اطراف و اکناف مزید 4 بس ٹرمنلس ہائی ویز پر تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ ان بس ٹرمنلس میں مسافرین کو انٹرنیشنل طرز کی تمام سہولتیں دستیاب رہیں گی ۔ کمشنر ایچ ایم ڈی اے چرنجیویلو نے انجینئرنگ شعبہ کو جلد از جلد رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ شہر میں دوسری ریاستوں سے گاڑیاں پہونچنے والے نیشنل و اسٹیٹ ہائی ویز پر 4 بس ٹرمنلس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ پہلا بس ٹرمنل وجئے وارہ نیشنل ہائی وے حیات نگر کے قریب دوسرا ممبئی نیشنل ہائی وے پٹن چیرو کے قریب تیسرا ورنگل نیشنل ہائی وے میڈی پلی گھٹکیسر کے قریب چوتھا ناگپور نیشنل ہائی وے میڑچل کومپلی کے قریب تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ ایک ایک بس ٹرمنل 20 تا 40 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا جس میں کم از کم 100 بسیں کھڑا کرنے کی گنجائش رہے گی ۔ اس کے علاوہ بس ٹرمنل میں تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ ایک ایک بس ٹرمنل پر 70 تا 100 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT