Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر کے کئی مقامات پر غیر معلنہ برقی کٹوتی

شہر کے کئی مقامات پر غیر معلنہ برقی کٹوتی

بلا وقفہ سربراہی کا وعدہ صرف اعلان کی حد تک محدود
حیدرآباد۔21اگسٹ (سیاست نیوز) شہر میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو ممکن بنانے کے اعلانات صرف اعلانات کی حد کی تک ہی محدود ہیں کیونکہ کئی مقامات پر روزانہ برقی خلل معمول بنا ہوا ہے گذشتہ تین یوم سے شہر کے موسم اور ہلکی بوندا باندی کے دوران بھی شہر کے کئی علاقو ںمیں دو گھنٹے سے زائد برقی سربراہی منقطع رہی اور محکمہ برقی کے اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر آنے والی خرابیوں کو دور کرنے کیلئے برقی منقطع کی جاتی ہیںاسی لئے یہ کہنا درست نہیں کہ برقی منقطع کی جا رہی ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات عام ہونے لگی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی کسٹمر کئیر کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے جو کہ عوام کے لئے تکلیف کا سبب بن رہا ہے ۔ محکمہ برقی کی جانب سے کی جانے والی کاروائی کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شکایات کی عاجلانہ یکسوئی کو ممکن بنایا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی کئی شکایات موصول ہورہی ہیں اسی لئے محکمہ برقی کے علاقائی عہدیداروں کے فون نمبرات عوام تک پہنچائے جاتے ہیں جس کے نتیجہ میں صورتحال پر بڑی حد تک قابو رہتا ہے۔ پرانے شہر کے علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات کے ساتھ شہریوں کی جانب سے مچھروں کی کثرت کی شکایات بھی موصول ہونے لگتی ہیں۔ پرانے شہر کے محکمہ برقی کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ شہر کے بیشتر علاقو ںمیں جہاں برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات عام ہیں ان شکایات کو دور کرنے کے لئے بنیادی مسائل کا جائزہ لیا جا رہاہے اور ضرورت پڑ نے پر برقی ٹرانسفارمر پر عائد ہونے والے بوجھ میں کمی اور نئے برقی ٹرانسفارمر کی تنصیب کے سلسلہ میں بھی اقدامات کئے جار ہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ برقی ٹرانسفارمرس پر عائد ہونے والے اضافی بوجھ کے سبب برقی سربراہی میں خلل پیدا ہوتا ہے اور فیوز آف ہونے لگتے ہیں اسی لئے محکمہ برقی نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر میں موجود سب اسٹیشنس میں برقی ٹرانسفارمرس کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے ٹرانسفارمرس پر موجود برقی کنکشنس کی تعداد میں کمی کرنے کے متعلق غور کیا جا رہا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ے کہ برقی ٹرانسفارمرس کی تعداد میں اضافہ کے منصوبہ کو اعلی حکام تک پہنچا دیا گیا ہے اوراس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کے فوری بعد نئے ٹرانسفارمرس کی تنصیب کا عمل شروع کرنے کی تجویز ہے ۔ ان ٹرانسفارمرس کی تنصیب کے عمل کی تکمیل کے بعد شہر میں غیر معلنہ برقی کٹوتی یا منقطع ہونے کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT