Friday , June 23 2017
Home / Top Stories / شیخ حسینہ کی آمد ، آج وزیراعظم مودی سے بات چیت

شیخ حسینہ کی آمد ، آج وزیراعظم مودی سے بات چیت

The Prime Minister, Shri Narendra Modi welcomes the Prime Minister of Bangladesh, Ms. Sheikh Hasina, on her arrival, at Air Force Station Palam, in New Delhi on April 07, 2017.

ہند ۔ بنگلہ دیش 25 معاہدوں پر دستخط متوقع، تیستا معاہدے کو ملتوی رکھنے کا امکان

نئی دہلی 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ آج یہاں چار روزہ دورہ پر پہونچیں جس کے دوران وہ وسیع تر موضوعات پر وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کریں گی، جنھوں نے خصوصی جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایرپورٹ پہونچ کر مہمان لیڈر کا استقبال کیا۔ شیخ حسینہ کے دورے میں جو مودی 2014 ء میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اُن کا پہلا سفر ہند ہے، دونوں فریق مختلف کلیدی شعبوں میں کم از کم 25 معاہدوں پر دستخط کریں گے، اِن میں سیول نیوکلیر تعاون اور دفاع کے اہم شعبے شامل ہیں لیکن تیستا آبی تقسیم کے بارے میں کوئی معاہدہ پر دستخط کا امکان نہیں ہے۔ شیخ حسینہ راشٹرپتی بھون میں قیام کررہی ہیں۔ وہ اور مودی کل جامع بات چیت منعقد کریں گے۔ ہندوستان ملٹری سپلائی کے لئے بنگلہ دیش کو 500 ملین امریکی ڈالر کا قرض دینے کا اعلان بھی کرنے والا ہے۔ یہاں عہدیداروں نے کہاکہ یہ دورہ آبی موضوع پر بات چیت کے بغیر ہوگا جس سے اشارہ ملتا ہے کہ دریائے تیستا کے پانی کی تقسیم کا معاہدہ متوقع نہیں ہے۔ مرکزی حکومت چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کو اعتماد میں لئے بغیر تیستا پر معاہدہ نہیں کرے گی کیوں کہ ممتا بنرجی اپنی ریاست میں آبی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے مجوزہ معاہدہ کی سخت مخالفت کرتی رہی ہیں۔ تاہم فریقین سیول نیوکلیر انرجی کے بارے میں معاہدہ پر دستخط کے منتظر ہیں جو اِس شعبہ میں جامع تعاون کی گنجائش فراہم کرے گا اور بنگلہ دیش میں ہندوستان کی جانب سے نیوکلیر ری ایکٹرس کا قیام بھی اِس میں شامل رہے گا۔ وزارت اُمور خارجہ کے بنگلہ دیش ۔ میانمار ڈیویژن کی جوائنٹ سکریٹری سری پریہ رنگاناتھن نے میڈیا کو بتایا کہ شیخ حسینہ کا یہ نہایت خاص دورہ ہے۔ اُنھیں اُمید ہے کہ اِس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان روابط نئی سطح تک پہونچیں گے۔ تیستا معاہدہ کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ اِس ضمن میں ہنوز کام جاری ہے۔ ہم ابھی کسی قطعی مرحلہ پر نہیں پہونچے ہیں۔ تیستا معاملت ستمبر 2011 ء میں اُس وقت کے وزیراعظم منموہن سنگھ کے دورۂ بنگلہ دیش میں دستخط پانے والی تھیں لیکن لمحہ آخر میں ممتا بنرجی کے اعتراضات کے باعث اِسے ملتوی کردیا گیا تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT