Sunday , October 22 2017
Home / ہندوستان / شیرخوار کی نعش پر کتے کا گزارہ!

شیرخوار کی نعش پر کتے کا گزارہ!

کوراپوٹ (اڈیشہ) ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری دواخانہ میں غفلت و لاپرواہی کے ایک نہایت افسوسناک واقعہ میں ایک آوارہ کتے کو یہاں ضلع کوراپوٹ میں جے پور کے سب ڈیویژنل ہاسپٹل کے احاطے میں ایک شیرخوار کی نعش کو کترتے دیکھا گیا۔ پولیس نے کہا کہ دواخانہ کے قریب کھڑے چند لوگوں نے یہ دل دہلادینے والا واقعہ گزشتہ روز دیکھا، لیکن کسی نے بھی کتے کو روکنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ بعض راہرو تو اپنے موبائل فونس پر اس واقعہ کی ریکارڈنگ میں مشغول ہوگئے۔ تاہم اسپتالی حکام نے اس واقعہ کے تعلق سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ سب ڈیویژنل میڈیکل آفیسر (جے پور) سیتانشو ستپاٹھی نے کہا: ’’اس واقعہ کا علم ہونے پر میں خود میرے اسٹاف کے ساتھ موقع پر پہنچا، مگر وہاں کچھ نہ پایا۔ نہ کوئی کتا تھا اور نا ہی کسی شیرخوار کی نعش کا پتہ چل سکا۔ ہمارے پاس اسپتال سے کوئی پیشنٹ لاپتہ نہیں ہے۔ پھر بھی پولیس میں شکایت درج کرائی جائے گی کہ اس معاملہ کی جانچ ہوسکے۔‘‘ سینئر پولیس عہدیداروں نے کہا کہ ایک ٹیم موبائل ریکارڈنگس کی تصدیق میں مصروف ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT