Thursday , September 21 2017
Home / جرائم و حادثات / شیر خوار بچے کے اغواء میں ملوث2 رکنی ٹولی گرفتار

شیر خوار بچے کے اغواء میں ملوث2 رکنی ٹولی گرفتار

حیدرآباد /23 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) عابڈس پولیس نے اغواء کنندوں کی دو رکنی ٹولی کے گرفتار کرلیا جو 11 ماہ کے  شیرخوار بچے اغواء میں ملوث ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سنٹرل زون مسٹر وی بی کملاسن ریڈی نے پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 42 سالہ محمد یونس متوطن بودھن ضلع نظام آباد اپنے ایک ساتھی 50 سالہ محمد ریاض ساکن عیدی بازار تالاب کٹہ کی مدد سے خاتون گداگر کے بچے کا اغواء کرکے اسے اپنے قریبی رشتہ دار کو فروخت کرنے کی ناکام کوشش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ محمد یونس کی قریبی رشتہ دار خاتون عطیہ بیگم متوطن ضلع نظام آباد لاولد ہے اور وہ بچہ کی خواہشمند تھی جس کے سبب یونس کو ایک بچہ فراہم کرنے کیلئے کہا ۔ اس سلسلہ میں عطیہ بیگم نے یونس کو 80 ہزار روپئے حوالے کئے ۔ یونس اور ریاض دونوں حیدرآباد کے پیٹلہ برج زچگی خانہ پہونچکر مقامی بروکروں سے ربط قائم کیا اور مرد بچہ فراہم کرنے کیلئے کہا لیکن وہ ناکام رہے ۔ 10 اکٹوبر کو محمد ریاض نے چندرائن گٹہ عمر ہوٹل کے قریب ایک گداگر محمدی بیگم کو اس کے بچے کے ہمراہ دیکھ کر یونس کو اطلاع دی جس پر دونوں نے محمدی بیگم کو اس کے بیمار رشتہ دار کی صحتیابی کیلئے ملبوسات فراہم کرنے کا دعوی کرتے ہوئے خاتون کو آٹو میں علاقہ عابڈس کو منتقل کیا بعض ملبوسات کے دکانات سے تین ہزار مالیتی ملبوسات دلایا اور بعد ازاں عابڈس میں واقع مشہور فٹ ویر کمپنی کے قریب پہونچکر محمدی بیگم کو اپنے لئے چپل خریدنے بھیجا اور 11 ماہ کے شیرخوار سید احمد کو اپنے پاس رکھا ۔ خاتون گداگر فٹ ویر شوروم میں داخل ہوتے ہی وہ دونوں لڑکے کو لیکر وہاں سے فرار ہوگئے اور اسے نظام آباد منتقل کرتے ہوئے عطیہ بیگم کے حوالے کرنے کی کوشش کی لیکن عطیہ بیگم نے بچے سے متعلق دستاویزات کی عدم موجودگی پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے اس نے شیرخوار کو لینے کے انکار کردیا ۔ یونس اور ریاض نے شیرخوار کو دوبارہ حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے سنتوش نگر علاقہ میں ایک دوسرے شخص کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ عابڈس پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ مذکورہ اغواء کنندوں کی سرگرمیوں کو عابڈس میں نصب کئے گئے سی سی ٹی ویز میں کامیاب طور پر قید کیا گیا جس کی بنیاد پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی ۔

TOPPOPULARRECENT