شیشہ و تیشہ

   

جھانپڑ شمس آبادی
دیمک…!!
حرص کی لگتی ہے جس وقت سخن کی دیمک
خود ہی فنکار لگا لیتا ہے فن کی دیمک
کیڑے کھا جاتے ہیں دلہے کو پریشانی کے
اور سسرال میں لگتی ہے دلہن کی دیمک
اس لئے کہتا ہوں بے پردہ نہ نکلو بیگم
بدنظر لوگوں سے لگتی ہے بدن کی دیمک
اچھے اعمال اگر ہوں گے تو اچھا ہوگا
ورنہ کھا جائے گی پھر تیرے کفن کو دیمک
خیر خیرات سے ہرگز نہ کبھی منہ موڑیں
ورنہ کھا جائے گی سب آپ کے دھن کو دیمک
راہزن ہوتے ہیں اس کام میں ماہر لیکن
رہنماؤں نے لگائی ہے وطن کو دیمک
جان کے ، بوجھ کے یہ کام ہوا کرتا ہے
مرد ہی سے تو لگا کرتی ہے زن کو دیمک
بے وفائی کا گلہ کس سے کریں گے جھانپڑؔ
باغبان خود ہی لگایا ہے ، چمن کو دیمک
…………………………
مشکل تو نہیں …!!
٭ ایک امیدوار کمرہ امتحان میں بیٹھ کر پرچے کو بغور دیکھ رہا تھا ۔ یہ دیکھ کر پاس کھڑے ہوئے ممتحن نے پوچھا : ’’کیا پرچہ مشکل ہے …؟‘‘
اُمیدوار نے کہا پرچہ تو مشکل نہیں ہے میں یہ سوچ رہا ہوں کہ اس سوال کا جواب میں نے کونسی جیب میں رکھا ہے …!!
ایم اے وحید رومانی ۔ پھولانگ نظام آباد
………………………
کیا کررہے ہو…!
٭ شوہر کھانا کھاکر برتن دھونے کے لئے نل کے پاس جارہا تھا تو بیوی نے ٹوک کر کہا: ’’کیا عزت کا کچرا کررہے ہو یہ گھر نہیں، ہوٹل ہے …!!‘‘
سید عبداﷲ عابد ۔ محبوب نگر
…………………………
اور اب …!!
٭ ایک آدمی عینک لگوانے کے لئے ڈاکٹر کے پاس گیا ۔ ڈاکٹر نے اسے کرسی پر بٹھایا اور تقریباً دس فٹ کے فاصلے پر ایک کارڈ اس کے سامنے رکھ کر پوچھا : ’’کیا آپ اس کارڈ کے حروف پڑھ سکتے ہیں ؟ ’’اس آدمی نے جواب دیا : ’’جی نہیں ڈاکٹر صاحب !‘‘ ڈاکٹر صاحب نے کارڈ مریض کے اور قریب لاتے ہوئے کہا : ’’کیا اب یہ حروف پڑھ سکتے ہیں ؟
مریض نے جواب دیا : ’’جی نہیں …! بالکل نہیں …!!‘‘
ڈاکٹر بہت جھنجلایا اور کارڈ مریض کی آنکھوں کے سامنے رکھ کر بولا :
’’اور اب …!؟‘
مریض نے جواب دیا : ’’ڈاکٹر صاحب ! میں نے پہلے بھی عرض کیا ہے کہ میں نہیں پڑھ سکتا کیونکہ میں ان پڑھ ہوں ‘‘۔
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
………………………
نیٹ ورک …!
٭ ہمارے بچپن میں نہ 3G تھے نہ 4G صرف اماں G، ابا G اور استاد G ہوتے تھے اور ایک ہی تھپڑ میں نیٹ ورک آجاتا تھا ۔
نجیب احمد نجیب۔ حیدرآباد
…………………………
اس کے بس کا …!
٭ کنور مہندر سنگھ بیدی جن دنوں دہلی کے مجسڑیٹ تھے، ان کی عدالت میں چوری کے جرم میں گرفتار کئے گئے ایک نوجوان کو پیش کیا گیا۔کنور صاحب نے نوجوان کی شکل دیکھتے ہوئے کہا : ’’میں ملزم کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، ہتھکڑیاں کھول دو، یہ بیچارہ تو ایک شاعر ہے، شعر چرانے کے علاوہ کوئی اور چوری کرنا اسکے بس کا روگ نہیں‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
پہلی مرتبہ …!!
٭ ہوائی جہاز میں پہلی مرتبہ سفر کرنے والے کو اُلٹیاں آرہی تھیں۔ آخر ایئرہوسٹس اس کے قریب آئی اور ہمدردانہ لہجے میں بولی : ’’سر…! میں آپ کیلئے کچھ لاؤں‘‘
’’ہاں …!!‘‘ ان صاحب نے ہانپتے کراہتے ہوئے جواب دیا : ’’میرے لئے فوراً ایک ایئرپورٹ لے آؤ‘‘ ۔
…………………………
کیا فائدہ …!؟
٭ شادی سے پہلے لڑکی دیکھنا ضروری نہیں …!! کیونکہ جب کنویں میں کودنا ہی ہے تو گہرائی ناپنے کا کیا فائدہ …!!!
سید شمس الدین مغربی ۔ریڈہلز
…………………………