شیشہ و تیشہ

   

مرزا یاور علی محورؔ
باری تیری بھی آئیگی …!!
ہو بھلا کام تو سبھی کے لئے
یہ نہ ہونا کسی کسی کے لئے
باری تیری بھی آئیگی اک دِن
موت دیتا ہے کیوں خوشی کے لئے
………………………
سید اعجاز احمد اعجازؔ
مزاحیہ غزل
بہت خوش تھے ہم دونوں شادی رچاکر
تھے مہمان خوش دعوتیں وہ اُڑا کر
میرے گھر میں ساس اور سُسرے کا ڈیرا
نہیں جارہے ہیں ولیمہ وہ کھاکر
ہوئی جب سے شادی ہیں فرمائش ہی
مجھے لُوٹتے ہیں وہ دُلہا بناکر
رہی جمعگی تک ہی شادی کی خوشیاں
میں پچھتا رہا ہوں مِرا گھر بساکر
ہوئی کیا یہ شادی ہوا خرچ دُگنا
بچت ہی نہیں کچھ بھی لاکھوں کماکر
ہوا جب بھی جھگڑا گئی ہیں وہ میکہ
بُلاکر میں لایا ہوں اُن کو مناکر
خوشی ہی نہیں کچھ بھی شادی کی اعجازؔ
ہوا ہوں میں کنگال دولت لُٹاکر
…………………………
کباڑیہ …!!
٭ دو سہلیاں ہوٹل میںبیٹھی ہوئی تھیں ایک سہیلی نے بڑے فخر سے کہا وہ سامنے بیٹھا ہوا نوجوان مجھے کتنے پیار اور غور سے دیکھ رہا ہے تو دوسری بولی میں اُسے جانتی ہوں وہ پُرانا سامان خریدنے والا کباڑیہ ہے …!!
مظہر قادری۔ حیدرآباد
…………………………
خالص…!
٭ ایک مشاعرے میں بزرگ شاعر نوح ناروی اپنا کلام پڑھ رہے تھے۔ ان کے نقلی دانتوں کی بتیسی شائد ڈھیلی تھی اچانک شعر پڑھتے ہوئے نیچے گر گئی۔ نوح صاحب جیسے ہی بتیسی اٹھانے کے لئے جھکے اسرارالحق مجازؔ نے مائیک پر آ کر نہات ادب سے کہا: ’’حضرات اب آپ استاد سے ایک خالص زبان کا شعر سنئے…!‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
مسائل پیدا کرنے …!!
٭ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایک پارٹی کا امیدوار بار بار سامعین سے کہہ رہا تھا ’’اپنے حلقہ میںمسائل پیدا کرنے آپ ہمیں ووٹ دیں…!!‘‘
پیچھے سے پارٹی کے صدر نے اسکا کرتہ کھینچ کر آہستہ سے کہا: ’’ابے! مسائل پیدا کرنے نہیں۔وسائل پیدا کرنے…!!‘‘
زکریا سلطان ۔ریاض سعودی عرب
…………………………
ٹسٹ میاچ …!!
٭ کرکٹ کے ایک کھلاڑی نے اپنی دلہن سے کہا : جانو ! آج ہماری زندگی کا ایک نیا ٹسٹ میاچ شروع ہونے والا ہے ۔ میرے والدین کو تمہیں امپائر کی حیثیت سے قبول کرنا ہوگا چاہے وہ تمہیں ایل بی ڈبلیو دے کر واپس پویلین ہی کیوں نہ بھیج دیں۔ ہم اپنی محبت کے رول سے اپنے گھر کو مضبوط پچ کی طرح بنائیں گے ، میری بہنیں مجھ سے رن آؤٹ کی اپیل کردیں اور بھائی اسٹمپ آؤٹ کریں تو ایسے میں اپنی خدمت کی بولز پھینک کر میرے گھر والوں کا دل جیتنے کی کوشش کرنا ، تم اپنی خدمت اور محبت کے چوکے چھکے لگاکر اپنی وفاداری سے زیادہ سے زیادہ رنز بناکر ہمارے خاندان میں ورلڈ چمپیئن بن سکتی ہو۔
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
…………………………
تکلیف کی بات
٭ ایک صاحب گہری نیند سورہے تھے ۔ آدھی رات کو ٹیلی فون کی گھنٹی بجی ۔ انھوں نے ریسور اٹھایا تو دوسری طرف سے آواز آئی ’’آپ کو جو تکلیف ہوئی اس کی معافی چاہتا ہوں ۔ بات یہ ہے کہ میں آپ کے پڑوس میں رہتا ہوں ۔ آپ کاکتا ساری رات بھونکتا رہتا ہے ۔ جس سے مجھے رات بھر نیند نہیں آتی ۔ براہ کرم اس کاکچھ علاج کیجئے ‘‘۔ اس کے بعد ان صاحب نے شکریہ کہہ کر فون بند کردیا۔
اگلی رات اسی وقت ان صاحب نے اپنے پڑوسی کو فون کیا اور کہا آپ کو جو تکلیف ہوئی اس کی معافی چاہتا ہوں ۔ بات یہ ہے کہ وہ کتا میرا نہیں ہے ۔
ارملان ندیم ۔شولاپور
……………………………………………………