شیشہ و تیشہ

   

نسیم ٹیکم گڑھی (یوپی)
قلی…!
دس کلو کا بیاگ ٹانگے پیٹھ پر بچّہ چلا
بوجھ اتنا لاد کر اسکول میں پڑھ پائیگا
بات سن کر ٹیچر نے میری مسکرا کر یہ کہا
کچھ نہ بن پایا تو پیارے پھر قلی بن جائیگا
………………………
ڈاکٹر سید خورشید علی ساجدؔ
غزل ( طنزیہ)
از اتحاد دین کو اپنے بچائیے
ہرگز نہ آپ دھوکے میں دشمن کے آئیے
طوفانِ بادوباراں ہے ، چپّو شکستہ ہے
کشتی کسی بھی طور سے اپنی بچائیے
اپنے مقام لوٹئے ، اب عیش چھوڑکر
اب آپ خود کو مومنِ صادق بنائیے
کیوں بن گئے ، بتاؤ غلامانِ امریکہ
ہر طرح اپنی عسکری قوت بڑھائیے
اﷲ نے نوازا ہے دولت سے آپ کو
خود کو بھی ایک ’ایٹمی‘ طاقت بنائیے
عیاشیوں میں آپ کی دولت اُڑی بہت
اب تو خدارا اس کو نہ ایسا اُڑائیے
ہاں، امریکہ کو تیل کی سپلائی روک کر
پیروں پہ لازماً اِسے اپنے جھکائیے
گھیرا ہے اُس نے تم کو سمندر میں ہر طرف
حکمت سے ’بحری بیڑوں‘ کو اِسکے بھگائیے
ساجدؔ کی باتیں آئیں سمجھ میں خدا کرے
ہاں حوصلوں سے اِن پہ عمل کر دکھائیے
………………………
کھوج کی عادت!
٭ ایک شخص اپنی عینک بھول کر بازار نکل گیا ۔ راستے میں ایک کھمبے پر بورڈ لگا ہوا دکھائی پڑا جس پر کچھ لکھا ہوا تھا ۔ کھوج کرنے کی اپنی عادت سے مجبور وہ عینک جیبوں میں ڈھونڈنے لگا ، لیکن اسے عینک نہیں ملی وہ فوراً کھمبے پر چڑھ گیا اور بورڈ پڑھنے لگا جس پر لکھا تھا :
’’براہ مہربانی کھمبے کو ہاتھ مت لگائیے ، کیونکہ ابھی ابھی پالش کیا گیا ہے …!!‘‘
سید عبدالتواب مدثر۔ کرنول
………………………
خبردار…!
٭ ایک صاحب کی شادی دوسرے شہر میں ہونے والی تھی ۔ شادی سے قبل کی مصروفیات کی وجہ سے وہ شدید تھکن کا شکار ہوگئے اور ان کی ٹرین چھوٹ گئی ۔ جب ان کی آنکھ کُھلی تو وہ بہت گھبرائے اور فوراً اپنی ہونے والی بیوی کو فون کیا اور کہا : ’’خبردار! جب تک میں نہ آؤں تم ہرگز شادی مت کرنا ‘‘۔
بابو اکیلاؔ ۔ جہانگیر واڑہ کوہیر
………………………
بگھارا قیمہ …!
٭ معصوم بچوں کی باتیں بڑی دلچسپ ہوتی ہیں ۔ ایک خاتون نے اپنے گوشت خور بچے کو ڈانٹتے ہوئے کہا ’’روزانہ گوشت مرغی کھانا اچھی بات نہیں ہے کبھی بگھارا بھی کھالیا کرو ‘‘ ۔
بچہ ذہین تھا اس نے برجستہ کہا : ’’ٹھیک ہے امی جان ! آج آپ بگھارا قیمہ بنادیجئے !!‘‘
زکریا سلطان ۔ ریاض
………………………
پہلا تجربہ …!
ایک عورت : ڈاکٹر صاحب ! کیا اس آپریشن کے بعد میرے شوہر ٹھیک ہوجائیں گے نہ !
ڈاکٹر ! دیکھئے میڈم آپ کے شوہر اُتنی زیادہ زخمی حالت میں نہیں ہیں ، ٹھیک تو ہوجانا چاہئے …!عورت : مجھے ڈر لگ رہا ہے ۔
ڈاکٹر :ویسے مجھے بھی ڈر ہورہا ہے کیونکہ یہ میرا پہلا آپریشن ہے …!!
سالم جابری ۔ آرمور
………………………
مجھ پر بھروسہ نہیں …!
٭ مریضہ نے ڈاکٹر سے کہا کہ وہ معائنہ کرتے وقت اُس کے شوہر کو بھی اندر بلالے تو ڈاکٹر نے کہا ، ’’کیا آپ کو مجھ پر بھروسہ نہیں ہے …؟‘‘
مریضہ بولی : آپ پر تو پورا بھروسہ ہے ڈاکٹر صاحب ! لیکن باہر میرے شوہر ریسپشنسٹ کے ساتھ اکیلے ہیں …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………
اُونہہ ، رہنے دیں …!!
شوہر (بیوی پر غصہ ہوتے ہوئے ) : اُف کتنا بدذائقہ کھانا پکایا ہے ، تمہیں ڈھنگ کا کھانا بنانا کب آئے گا ؟
بیوی : اُونہہ ! رہنے دیں ، ابھی اسی ڈش پر آدھے گھنٹے میں 70 لائیکس اور 40 کمنٹس مل چکے ہیں اور آپ کہہ رہے ہیں کہ صحیح نہیں پکا…!
سید شمس الدین مغربی۔ ریڈہلز
………………………