Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / شیلا ڈکشٹ، یوپی میں کانگریس کی چیف منسٹر امیدوار

شیلا ڈکشٹ، یوپی میں کانگریس کی چیف منسٹر امیدوار

نئی دہلی۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس کے چیف منسٹر امیدوار کے بارے میں قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے پارٹی نے آج شیلا ڈکشٹ کو اپنا چیف منسٹر امیدوار نامزد کیا ہے۔ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے وہ شیلا ڈکشٹ کانگریس کی مضبوط چیف منسٹر امیدوار ہوں گی۔ انہیں دہلی میں 15 سال حکومت کرنے کا تجربہ ہے اور چیف منسٹر کی حیثیت سے انہوں نے بہترین کام کرنے کا ریکارڈ بنایا ہے۔ کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے جو اترپردیش میں پارٹی اُمور کے انچارج ہیں، کہا کہ شیلا ڈکشٹ کو اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی امیدوار کے طور پر منتخب کیا گیا ہے کیونکہ وہ اس عہدہ کیلئے ایک مضبوط اور قابل لیڈر ہیں۔ انہیں مسلسل تین میعاد تک دہلی کے چیف منسٹر رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انتخابی حکمت عملی تیار کرنے والے ماہر پرشانت کشور نے سفارش کی تھی کہ شیلا ڈکشٹ ہی اس بڑی ریاست میں پارٹی کی انتخابی مہم میں اہم اور بڑا رول ادا کرسکتی ہیں۔

وہ ریاست میں برہمن طبقہ کی ایک معتبر لیڈر ہیں۔ اس سے کانگریس کو انتخابی اہمیت کی حامل برہمن برادری کی دوبارہ تائید حاصل ہوگی۔ پنجابی کھتری خاندان میں جنم لینے والی 78 سالہ ڈکشٹ یوپی سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے آنجہانی بزرگ لیڈر اوما شنکر ڈکشٹ کی بہو ہیں۔ اوما شنکر ڈکشٹ یوپی می ںایک قدآور برہمن لیڈر تھے جنہوں نے مرکزی وزیر کی حیثیت سے ایک طویل مدت پوری کی اور وہ ایک عرصہ تک گورنر بھی رہ چکے ہیں۔ چیف منسٹر دہلی کی حیثیت سے ان کی 15 سالہ مدت 2013ء میں اس وقت ختم ہوئی جب عام آدمی پارٹی طاقتور بن کر ابھری۔ ان انتخابات میں کانگریس کو اقتدار سے محروم ہونا پڑا تھا۔ یوپی میں کانگریس کی چیف منسٹر امیدوار کی حیثیت سے شیلا ڈکشٹ کے نام کا اعلان یوپی پردیش کانگریس کے سربراہ کی حیثیت سے راج ببر کو مقرر کرنے کے ایک دن بعد کیا گیا تھا۔ یوپی میں کانگریس کی قیادت اداکار سے سیاست داں بننے والے راج ببر کررہے ہیں۔ غلام نبی آزاد نے پارٹی کے ایک اور لیڈر جناردھن دیویدی کے ہمراہ میڈیا سے مشترکہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیلا ڈکشٹ ایک تجربہ کار اور کہنہ مشق سیاست داں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT