Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / شین وارن یاسر شاہ کو گُرسکھانا چاہتے ہیں

شین وارن یاسر شاہ کو گُرسکھانا چاہتے ہیں

دبئی، 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے شہرہ آفاق لیگ اسپنر شین وارن نے شارجہ ٹسٹ سے قبل پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کو مفید مشورے دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ٹسٹ کرکٹ میں 708 وکٹیں حاصل کرنے والے وارن یاسر شاہ کی صلاحیتوں کے معترف رہے ہیں۔ وہ ایک گالف ٹورنمنٹ کی تشہیر کے سلسلے میں دبئی پہنچنے والے ہیں جس کے بعد انہیں امریکہ جانا ہے۔ وارن کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرکے انہیں خود بھی بولنگ کی پریکٹس ملے گی کیونکہ انہیں امریکہ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی بولنگ کرنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ یاسر شاہ کو بھی لیگ اسپن بولنگ کے بارے میں کچھ گُر بتاسکیں گے، جو ان کے خیال میں اس وقت دنیا کے بہترین لیگ اسپنر ہیں۔ دبئی ٹسٹ میں آٹھ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد یاسر شاہ آئی سی سی کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ وارن نے کہا کہ انھوں نے پاکستان اور انگلینڈ کے دبئی ٹسٹ کا کچھ حصہ ٹی وی پر دیکھا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یاسر شاہ ایک زبردست بولر ہیں۔ انہیں تیز تیز گیندیں پھینکنے کے بجائے رفتار کچھ کم کرنی ہوگی اور صبر کامظاہرہ کرنا ہوگا۔ وارن شارجہ ٹسٹ سے قبل انگلینڈ کی ٹریننگ میں بھی جانا چاہتے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم انہیں خوش آمدید نہیں کہے گی حالانکہ ان کی ٹیم میں بھی ایک لیگ اسپنر عادل رشید موجود ہیں اور وہ عادل کو بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT