Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / شیوسینا کی ہنگامہ آرائی، بی سی سی آئی ۔پی سی بی کا آج دہلی میں اجلاس

شیوسینا کی ہنگامہ آرائی، بی سی سی آئی ۔پی سی بی کا آج دہلی میں اجلاس

نئی دہلی۔19اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کے صدرن ششانک منوہر اور ان کے ہم منصب پاکستانی عہدیدار شہریار خان کی آج ممبئی میں ملاقات ہونی تھی لیکن شیوسینا کی ہنگامہ آرائی کے بعد بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان مجوزہ اجلاس کا کل دہلی میں انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ قبل ازیں مذکورہ بورڈس کے صدور کا اجلاس آج ممبئی میں منعقد شدنی تھی لیکن سینکڑوں شیوسینا کے کارکنوں کی بی سی سی آئی ہیڈکوارٹر پر ہنگامہ آرائی کے بعد یہ اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ صدر ششانک منوہر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اجلاس منسوخ نہیں کیا گیا ہے بلکہ دونوں بورڈس کے صدور کی شام میں ملاقات کے علاوہ اجلاس کے ایک اور دور کا دہلی میں انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے آئی پی ایل کے چیرمین اور بورڈ کے اعلی عہدیدار راجیو شکلا نے کہا ہے کہ مذکورہ صدور کے درمیان اجلاس اور تبادلہ خیال کو روکنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کیوں کہ بی سی سی آئی نے کبھی بھی قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔ کل کے اجلاس میں بی سی سی آئی کے سکریٹری انوراگ ٹھاکر کے ہمراہ شکلا بھی موجود رہیں گے اور امید کی جاررہی ہے کہ پی سی بی کے چیرمین شہریارخان حکومت کے اعلی عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے۔ یاد رہے ششانک منوہر نے شہریار خان کو مدعو کیا ہے تاکہ ڈسمبر میں منعقدشدنی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سریز پر قطعی فیصلہ کیا جاسکے۔ پی سی بی کے چیرمین شہریار خان کے علاوہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے صدر نجم شیٹھی بھی شہر میں موجود ہیں کیوں کہ دبئی میں حالیہ منعقدہ آئی سی سی کے اجلاس میں بی سی سی آئی کے سکریٹری نوراگ ٹھاکر سے ہند۔پاک سیریز سے متعلق ملاقات نہیں ہوپائی تھی اور ٹھاکر نے اس موقع پر طمانیت دی تھی کہ رواں ماہ کے اختتام تک ہند۔پاک سیریز پر حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ امید کی جارہی ہے کہ ماہ ڈسمبر میں ہندوستان متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف مکمل سیریز کھیلے گا یا پھر ممکن ہے کہ بنگلہ دیش کو شامل کرتے ہوئے ایک سہ رخی ونڈے سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ دریں اثناء ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈکوارٹرس پر شیوسینا کے کارکنوں کی ہنگامہ آرائی پر اظہار خیال کرتے ہوئے آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے کہا کہ سیاست اور کھیل کو ایک نظر سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ آج ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈرکوارٹر پر پی سی بی کے چیرمین شہریار خان اور نجم شیٹھی کی ہندوستان کے ہم منصب عہدیداروں سے ملاقات تھی لیکن شیوسینا کے کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کے بعد اس اجلاس کو ملتوی کرنے پر مجبور کیا ہے۔ اس واقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے ظہیر عباس جو خود بھی پاکستان کے سابق کرکٹر ہیں، کہا کہ یہ کوئی نیا مسئلہ نہیں بلکہ ایک عرصہ سے ایسا ہوتا آرہا ہے لیکن میں بحیثیت آئی سی سی صدر چاہتا ہوں کہ کرکٹ کا دائرہ ساری دنیا میں وسیع ہوجائے۔ آئی سی سی صدر نے مزید کہا کہ سیاست اور کرکٹ دو الگ چیزیں ہیں اور پاکستان یہ نہیں چاہتا کہ ہندوستانی کھلاڑی اس کے ملک میں آکر کھیلیں بلکہ یہ چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کی باہمی سیریز تیسرے مقام پر کھیلی جائے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT