Wednesday , October 18 2017
Home / سیاسیات / شیو سینا کا اخلاقی درس : کیرالا اسمبلی میں ہنگامہ، کارروائی ملتوی

شیو سینا کا اخلاقی درس : کیرالا اسمبلی میں ہنگامہ، کارروائی ملتوی

تھرواننتاپورم ، 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا اسمبلی آج شوروغل اور بے قابو صورتحال کا شکار ہوگئی جبکہ برسراقتدار ایل ڈی ایف اور اپوزیشن یو ڈی ایف ارکان شیوسینا کی جانب سے ’’اخلاقی نگرانی‘‘ پر تحریک التوا کیلئے نوٹس پر بحث کرتے ہوئے وقفہ صفر کے دوران عین ممکن تھا کہ ایک دوسرے کو گھونسے لات رسید کردیتے۔ اس گڑبڑ کے پیش نظر ایوان کو عارضی طور پر ملتوی کردیا گیا۔ ریاستی مقننہ گزشتہ روز پیش آئے کوچی واقعہ پر یو ڈی ایف کی نوٹس پر مباحث منعقد کررہا تھا کہ ہنگامہ شروع ہوگیا۔ چیف منسٹر پی وجین کا بیان جس میں شبہات ظاہر کئے گئے کہ آیا اس واقعہ کے پس پردہ کوئی بڑی سازش تو نہیں اور آیا سینا کارکنوں کو مبینہ طور پر اپوزیشن کی طرف سے ترغیب دی گئی، یو ڈی ایف ایم ایل ایز کو مشتعل کرگیا۔ برہم ارکان نے پہلے ایوان کے وسط میں بیٹھ کر احتجاج کیا اور پھر سرکاری بنچوں کی طرف دندناکر بڑھے۔ جلد ہی صورتحال میں تعطل آگیا کیونکہ برسراقتدار ایم ایل ایز بھی وسط کی طرف بڑھنے لگے تاکہ احتجاجیوں کی پیش قدمی روک سکیں ، جس پر فریقوں کے درمیان تلخ الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ صورتحال ابتر ہوجانے کے اندیشے پر اسپیکر پی سری رام کرشنن نے ایوان کی کارروائی عارضی طور پر ملتوی کردی۔

TOPPOPULARRECENT