Friday , March 31 2017
Home / شہر کی خبریں / صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے 30 کروڑ روپئے فنڈس کا اعلان

صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے 30 کروڑ روپئے فنڈس کا اعلان

متوفی صحافیوں کے خاندان کو ڈبل بیڈروم مکانات اور لڑکیوں کی شادی کیلئے 3 لاکھ روپئے دئے جائیں گے
حیدرآباد /17 فروری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے صحافیوں کی فلاح و بہبود فنڈز میں اضافہ کرتے ہوئے 30 کروڑ روپئے کرنے کا اعلان کیا ۔ انتقال کرنے والے صحافیوں کے ارکان خاندان میں فی کس ایک لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کئے ۔ مرحوم صحافیوں کی لڑکیوں کی شادی کیلئے 3 لاکھ روپئے معاوضہ دینے تمام ضلعی سطح پر صحافیوں کو ڈبل بیڈروم مکانات دینے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے آج سے پرگتی بھون میں عوام سے ملاقات پروگرام جناہتا کا آغاز کیا اور پہلے دن انتقال کرجانے والے صحافیوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل جاننے کی کوشش کی اور دکھ درد میں برابر کا شریک ہونے کا یقین دلایا ۔ انہوں نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کا تیقن دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد ہر سال بجٹ میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے 10 کروڑ روپئے مختص کئے جارہے تھے ۔ تاہم آئندہ بجٹ میں فنڈز کو بڑھاکر 30 کروڑ روپئے کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی صحافی کا انتقال ہوجاتا ہے اور اس کی لڑکی کی شادی ہوتی ہے انہیں تین لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا بھی چیف منسٹر نے فیصلہ کیا ہے ۔ صحافیوں کی بیواؤں کو 5 سال تک ماہانہ 3 ہزار روپئے وظیفہ دینے دسویں جماعت تک زیر تعلیم بچوں کو بھی مالی معاوضہ دینے اور ساتھ ہی جو صحافی جن اضلاع میں کام کرتے ہیں انہیں اسی اضلاع میں ڈبل بیڈروم مکانات دینے کا اعلان کیا اور عہدیداروں کو ان کے احکامات پر فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے صدرنشین پریس اکیڈیمی ایم نارائنا کو اس کی نگرانی کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں 20 ہزار صحافی ہیں انہیں جن اضلاع میں وہ خدمات انجام دے رہے ہیں وہی اراضیات دینے کا بھی اعلان کیا ۔ اگر صحافیوں کو کوئی مرض ہے تو وہ پریس اکیڈیمی سے رجوع ہوکر علاج کیلئے ان تک پہونچنے کا بھی مشورہ دیا حکومت کی جانب سے علاج کے معاملے میں خصوصی دلچسپی لینے کا تیقن دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جان پر کھیلنے والے فوجیوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت جس طرح فلاحی اقدامات کر رہی ہے ۔ اسی طرح اپنے آپ کو سماجی خدمات اور سماج میں شعور بیدار کرنے کیلئے اپنا قلم کا استعمال کرنے والے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹی آر ایس حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کرے گی ۔ اس موقع پر انتقال کرجانے والے 69 صحافیوں کے ارکان خاندان میں چیف منسٹر نے چیکس تقسیم کئے ۔ سینئیر جرنلسٹ ہری کشن ریڈی کے قلب کی پیوندکاری کیلئے 10 لاکھ روپئے منظور کئے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT