صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

   

عادل آباد /12 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی سطح پر اردو صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے میں تلنگانہ حکومت کی ناکامی کو محسوس کرتے ہوئے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن نے اپنے مطالبات کی یکسوئی کی خاطر ریاست بھر میں ’’ ہفتہ مطالبات‘‘ کا آغاز 10 تا 17 جولائی کر رہے ہیں۔ جس کے تحت TUWJF شاخ عادل آباد کے صحافتی برادرس نے DRO مسٹر راجیشور راتھوڑ صدرنشین ضلع پرجا پریشد مسٹر جناردھن راتھوڑ ، صدرنشین بلدیہ مسٹر جوگو پرمیندر نائب صدر بلدیہ مسٹر ظہیر رمضانی اور کانگریس قائد شریمتی جی سجاتا سے ملاقات کرتے ہوئے اس مطالبات پر مشتمل تحریری یادداشت پیش کی ۔ اس موقع پر سرکاری و غیر سرکاری عہدیداروں نے میڈیا نمائندوں کو تیقن دیا کہ وہ اپنے اپنے لیٹر پیڈ کے ذریعہ چیف منسٹر اور چیف سکریٹری کو تحریری مراسلہ ترسیل کرتے ہوئے صحافیوں کے مطالبات کی یکسوئی کی سفارش کریں گے ۔ ہفتہ مطالبات کی جاری اس تحریک میں TUWJF سرپرست اعلی محبوب خان سرپرست عمید اللہ انور ، نائب صدر محمد آصف الدین ، جنرل سکریٹری حافظ خضر احمد یافعی ، عصمت علی ، شیخ منیر ، شیخ محسن ، اشفاق احمد ،عبدالکریم ، صابر پٹیل موجود تھے ۔