Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / صحافی سماجی اصلاح کے لیے اہم کردار ادا کریں

صحافی سماجی اصلاح کے لیے اہم کردار ادا کریں

عید ملاپ تقریب سے کمشنر اطلاعات نوین متل ، جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : صحافت ایک عظیم پیشہ ہے اور اس سے جڑے ہوئے صحافیوں کو سماج میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جو زندگی کے ہر شعبے حیات سے خبروں کے علاوہ معلوماتی اصلاحی مضامین کے ذریعہ سماج کو صحت مند ماحول کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب نوین متل کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ہوٹل مرجان انٹرنیشنل نامپلی میں تلنگانہ یونین آف اردو جرنلسٹس کے زیر اہتمام منعقدہ عید ملاپ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے عید کی مبارکباد پیش کی اور مزید کہا کہ وہ ہمیشہ چھوٹے اخبارات کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ صحافت کے میدان میں حقیقی خدمات انجام دینے والوں کی حق تلفی نہ ہو ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات ، سب ہی اخبارات ہوتے ہیں اس میں چھوٹے یا بڑے کا امتیاز کرنا بہتر بات نہیں ہے ۔ ادارہ سیاست کی کارکردگی کے علاوہ اقلیتی طبقہ کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات جن میں قابل ذکر ملت فنڈ سے غریبوں کی امداد ، طلباء کو تعلیمی رہنمائی اور لاوارث نعشوں کی تجہیز و تدفین کے علاوہ مستقبل کے منصوبوں میں اولڈ ایج ہوم تعمیر کرنے کے منصوبہ کا اظہار کیا اور منتظمین یونین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید ملاپ تقریب ایک اچھا اقدام ہے جس میں ہندو ، مسلمان ، سکھ ، عیسائی سب شریک ہوتے ہیں اور اس طرح قومی یکجہتی کو فروغ ملتا ہے ۔ اسی طرح ہندو بھائی بھی دیپاولی کے موقع پر مسلمان بھائیوں کو مدعو کرنا چاہئے تاکہ آپس میں یکجہتی کا ماحول قائم رہ سکے ۔ جناب عالم مہدی صدر یونین نے بھی خطاب کیا ۔ دیگر مہمانوں میں جناب رنگا سائی ایڈیٹر اسکالائن ، جناب وینوگوپال شرما صدر تلنگانہ اسمال اینڈ میڈیم نیوز پیپرس اسوسی ایشن اور جناب محمد عبدالمجید خاں سینئیر ٹی آر ایس لیڈر نے بھی مخاطب کیا ۔ جناب ہادی رحیل صدر استقبالیہ نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور یونین کی کارکردگی پر مختصر روشنی ڈالی ۔ جناب سید واجد محمود اور احمد صدیقی مکیش نے مہمانوں کی گلپوشی کی اور اس موقع پر مزاحیہ شعرا ڈاکٹر معین امر بمبو ، جناب وحید پاشاہ قادری ، جناب یوسف الدین یوسف ، جناب لطیف الدین لطیف نے اپنا مزاحیہ کلام پیش کیا اور آخر میں جناب محمد رفیع الدین غوری جنرل سکریٹری نے شکریہ ادا کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT