Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / صحافی غیر دیانتدار انسان ہوتے ہیں، ٹرمپ کا ریمارک

صحافی غیر دیانتدار انسان ہوتے ہیں، ٹرمپ کا ریمارک

واشنگٹن ۔ 22جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے میڈیا پر غلط رپورٹنگ کا الزام لگایا ہے۔ اور کہا کہ صحافی غیردیانتدار انسان ہوتے ہیں۔ انھوں نے یہ الزام اپنے افتتاحی پروگرام کے دوران شریک ہونے والے لوگوں کی تعداد کے متعلق لگایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تصاویری ثبوتوںکے برخلاف جب وہ امریکی کیپیٹل ہل سے خطاب کر رہے تھے توعوام کا ہجوم واشنگٹن کی یادگار عمارت تک پہنچ چکا تھا ۔وائٹ ہاؤس میں ان کے پریس سیکریٹری نے بعد میں بتایا کہ ’کسی بھی افتتاح کے دوران سامعین کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔‘دوسری جانب لاکھوں افراد نے امریکہ اور دنیا بھر میں ڈونالڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ڈونالڈ ٹرمپ نے ورجینیا کے لینگلی میں سی آئی اے کے ساتھ رشتہ استوار کرنے کے لیے دورہ کیا جہاں انھوں نے اپنے خلاف مظاہروں کا ذکر نہ کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ پر تنقید کی ۔ انھوں نے سی آئی اے اور اپنے درمیان تنازعہ پیدا کرنے کے لیے ذرائع ابلاغ پر الزام عائد کیا اور نامہ نگاروں کو ’روئے زمین پر موجود سب سے زیادہ بے ایمان افراد میں سے ایک‘ کہا۔انھوں نے کہا کہ ٹی وی فوٹیج اور تصاویر میں ان کے افتتاح کی غلط تصویر پیش کی گئی ہے۔انھوں نے ذرائع ابلاغ کی جانب سے اس موقع پر ڈھائی لاکھ افراد کی موجودگی کی رپورٹنگ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں تقریبا ساڑھے سات لاکھ افراد تھے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ مجمع واشنگٹن کی یادگار عمارت تک پہنچ چکی تھی لیکن اس دن کے فضائی نظارے سے ان کے اس دعوے کی تردید ہوتی ہے۔بعد میں وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرریٹری شان سپائسر نے میڈیا کے نمائندوں کو تقریب کے دوران وسیع خالی سیٹیں دکھانے کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا۔دوسری جانب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ’واشنگٹن میں خواتین مارچ‘ کے لیے دو لاکھ مظاہرین جمع ہو رہے ہیں۔یہ ریلی دنیا بھر میں ان 600 متوقع ریلیوں میں سے ایک ہے ڈونالڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت پر فائز ہونے کے پہلے دن نکالی جارہی ہیں جبکہ صرف امریکہ میں نیویارک سے لے کر سیاٹل تک تقریبا 300 شہروں میں ایسے مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔ان ریلیوں کا مقصد خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنا ہے جن کے بارے میں مظاہرین کو خدشہ ہے کہ نئی انتظامیہ کے زیراثر ان حقوق کو خطرہ لاحق ہے۔اس ریلی میں شریک ہونے والے فنکاروں میں اداکارہ سکالیٹ جانسن، ایما واٹسن، گلوکارہ میڈونا اور ایلیشا کیز شامل ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر کی حیثیت سے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے سابق صدر کی جانب سے ہیلتھ کیرکے سلسلے میں کی جانے والی اصلاحات کو ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرکے نشانہ بنایا ہے۔

TOPPOPULARRECENT