Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / صحت مند زندگی ہی خوشحال زندگی:جسٹس راما لینگیشورا راؤ

صحت مند زندگی ہی خوشحال زندگی:جسٹس راما لینگیشورا راؤ

حیدرآباد ۔ /25 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف جسٹس آف ہائیکورٹ تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر راما لینگیشوراؤ نے کہا کہ صحت مند زندگی ہی خوشحال زندگی ہے اسی لئے سماج کے تمام طبقات پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صحت مند سماج کی تعمیر کیلئے ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہنے سے متعلق عوام میں شعور بیدار کریں ۔ وہ آج یہاں این جی او آرگنائزیشن سینا پرا ہیلپ آرگنائزیشن کی فری ویب بیسڈ ہیلت سرویس www.sinaprahelporganisation.org کا بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرکے افتتاح انجام دینے کے بعد مخاطب تھے ۔ اسی دوران بانی سینا پرا ہیلپ آرگنائزیشن ڈاکٹر شیوا ناگا پرساد ، صدر شریمتی ماروتی دیوی ، جنرل سکریٹری مسٹر نرسنگ راؤ اورلیگل اڈوائزر مسٹر اے وی سوامی نے مخاطب کرتے ہوئے سینا پرا ہیلپ آرگنائزیشن کے خدوخال پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ آرگنائزشین کا سال 2014 ء میں قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد سماج کے تمام طبقات کو صحت مند زندگی گزارنے کیلئے اہم مشوروں جیسے صحت ، ماحولیات ، خواندگی اور ذہنی سکون سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دور جدید میں ہر انسان مختلف امراض ، ذہنی تناؤ ، ماحولیاتی آلودگی سے متاثرہ گھریلو تنازعات کے علاوہ دیگر کئی مسائل سے دوچار ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے سینا پرا ہیلپ آرگنائزیشن نے عوام کو صحت اور قانونی مشوروں کا ویب سائیٹ کے ذریعہ مفت مواد فراہم کرنے کی غرض سے مذکورہ ویب سائیٹ کا جو دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سینا پرا ہیلپ آرگنائزیشن جو ایک غیر منفعت بخش آرگنائزیشن ہے جس کو انڈین ریڈکراس سوسائیٹی کا بھی تعاون حاصل ہے جس کے تحت آغاز کردہ مذکورہ free web – based healthservice سے ملک بھر میں زائد از (150) ماہر امراض ڈاکٹروں کی ٹیم مفت خدمات انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ آرگنائزیشن کے ویب سائیٹ پر ہیلت ایجوکیشن پر عوام کو ہر قسم کی سہولت مہیا کی جائے گی اور کہا کہ عنقریب ضلعی اور دیہی سطحوں پر غریب عوام کو مفت علاج کیلئے ہیلت کیمپس بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ جبکہ مذکورہ ویب سائیٹ پر میڈیکل ، لیگل ، کیرئیر گائیڈنس کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری ریڈکراس سوسائٹی تلنگانہ مسٹر مدن موہن ، جنرل سکریٹری ریڈ کراس سوسائٹی آندھراپردیش مسٹر بالا سبرامنیم اور ڈاکٹر شریمتی گریجاشنکر کے علاوہ دیگر آرگنائزیشن قائدین بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT