Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / صدرجمہوریہ امیدوار کیلئے کسی بھی امیدوار کی تائید پر ٹی آر ایس کا کھلا موقف

صدرجمہوریہ امیدوار کیلئے کسی بھی امیدوار کی تائید پر ٹی آر ایس کا کھلا موقف

ریاست کے مفادات میں فیصلہ، ٹی آر ایس فلور لیڈر لوک سبھا جتیندر ریڈی کا ادعا
حیدرآباد۔/6مئی، ( سیاست نیوز) لوک سبھا میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے فلور لیڈر جتیندر ریڈی نے بتایا کہ صدارتی انتخابات میں کسی بھی امیدوار کی تائید کے مسئلہ پر ٹی آر ایس نے اپنا موقف کھلا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کیا جائے گا اور پارٹی کیلئے تلنگانہ کے مفادات اہمیت کے حامل ہیں اور اسی بنیاد پر کوئی فیصلہ ہوگا۔ جتیندر ریڈی نے کہا کہ پارٹی نے ابھی تک کسی محاذ کے امیدوار کی تائید کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت نے ابھی تک ٹی آر ایس سے ربط قائم نہیں کیا جب کبھی حکومت پارٹی سے ربط قائم کرے گی صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ مناسب فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ پرنب مکرجی کی صدارتی میعاد 24 جولائی کو ختم ہورہی ہے اور بی جے پی کسی امیدوار کے اعلان کی تیاری کررہی ہے۔ لوک سبھا میں ٹی آر ایس کے 11 ارکان ہیں جبکہ راجیہ سبھا کے ارکان کی تعداد 3 ہے۔ اسمبلی میں ٹی آر ایس کے ارکان کی تعداد 90 ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی بہت جلد صدارتی امیدوار کے اعلان کے بعد ٹی آر ایس سے ربط قائم کرے گی۔ صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ ان دنوں اپنی آنکھ کی سرجری کے سلسلہ میں نئی دہلی میں مقیم ہیں اور توقع ہے کہ وہ ایک ہفتہ تک دہلی میں قیام کریں گے۔ ان کے قیام کے دوران برسر اقتدار این ڈی اے اور اپوزیشن یو پی اے کی جانب سے ربط قائم کئے جانے کے امکانات روشن ہیں۔

TOPPOPULARRECENT