Wednesday , October 18 2017
Home / دنیا / صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی سابق حکومتوں پر تنقید

صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی سابق حکومتوں پر تنقید

واشنگٹن،9اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے ایک بار پھر شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ماضی کی حکومتیں اس کے (شمالی کوریا) کے ساتھ گزشتہ25سال سے بات چیت کرتی رہی ہیں۔لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ۔ان کے ساتھ دوسری طرح سے پیش آنا ہوگا۔مسٹر ٹرمپ نے ہفتہ کو ٹوئٹ کرکے کہا -” ہماری گزشتہ حکومتوں نے شمالی کوریا کے ساتھ معاہدوں کیلئے بات چیت کی اور اس پر کروڑوں روپے بھی خرچ کئے گئے ،لیکن کوئی حل نہیں نکلا۔بدقسمتی یہ ہے کہ قلم کی روشنائی خشک ہونے سے قبل ہی معاہدوں کی خلاف ورزی ہوتی رہی۔یہ کوریائی ملک اس معاملہ میں ہمارے ملک کو بے وقوف بناتارہا ،یہ نہایت افسوسناک ہے ”۔انہوں نے کہا کہ امریکہ او ر شمالی کوریا کے ساتھ معاہدے ہوئے ،لیکن ساتھ ساتھ اس کی خلاف ورزیاں بھی ہوتی رہیں۔میں معافی کے ساتھ کہنا چاہوں گا کہ اب اس ملک کے ساتھ دوسری طرح سے پیش آنا پڑے گا۔صدر نے کہا-”اتنے برسوں سے معاہدوں پر کوئی کام نہیں ہواہے ، صرف اس کی خلاف ورزی ہی ہوئی ہے اور ہمارے مذاکرات کاروں کو بری طرح سے بے وقوف بنایا گیا ہے ۔اب اس کے ساتھ صرف ایک ‘چیز’کام کرے گی”۔تاہم صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ کس طرف اشارہ کررہے ہیں اور وہ ایک ‘چیز’کیا ہے ۔صدر پہلے بھی متنبہ کر چکے ہیں کہ بار بار نیوکلیائی تجربہ کرنے والا شمالی کوریا اگر کوئی غلط قدم اٹھاتا ہے تو اسے بڑی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا-”اگر شمالی کوریا ،امریکہ اور اس کے حامی ممالک کو نقصان پہنچانے والی کوئی کارروائی کرتا ہے تو اپنی اور اپنے دوست ممالک کی حفاظت اور مفادات میں قدم اٹھاتے ہوئے اس کو نیست و نابود کردیا جائے گا”۔شمالی کوریا نے بھی اپنے نیوکلیائی تجربات پر سوال اٹھائے جانے پر بار بار امریکہ کو دھمکی دی ہے۔
شمالی کوریا کا جوابی وار
سیول سے موصولہ اطلاع کے بموجب شمالی کوریا کے آمر کم جونگ ان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زوردار جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوکلیائی ہتھیار ملک کی حفاظت کیلئے بے حد اہم ہے کیونکہ اسی سے پیانگ یانگ کی خود مختاری ممکن ہے ۔اس کے ساتھ ہی شمالی کوریا کے حکمراں نے اپنی بہن کم جو جونگ کو ملک کی پالیسی سازی کی اعلیٰ کمیٹی پولت بیورو کا رکن بنایا ہے ۔مسٹر کم اس کمیٹی کے صدر ہیں۔شمالی کوریا کی سرکاری میڈیانے آج یہ خبر دی۔امریکی صدر نے ہفتہ کو ٹوئٹ کرکے شمالی کوریا کے خلاف ‘ایک ہی چیز ‘والی بات کہی تھی جس کے بعد اتوار کو شمالی کوریا کے حکمراں کا مذکورہ رد عمل آیا۔مسٹر ٹرمپ نے شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہاتھا کہ ان کے ساتھ 25سال سے بات چیت ہوتی رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT