Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی علیل

صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی علیل

تمام پروگرامس ملتوی ، ڈینگو سے متاثر ہونے پر ڈاکٹرس کا آرام کا مشورہ: ملوروی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کے بیمار ہونے کے باعث آبپاشی پراجکٹس کے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے بشمول تمام جلسوں اور اجلاسوں کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ کیپٹن اتم کمار ریڈی ڈینگو بخاری کا شکار ہیں اور ڈاکٹرس نے انہیں ایک ہفتہ تک مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو روی نے کہا کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صحت نا ساز ہونے کی وجہ سے 23 جولائی کو منعقد ہونے والے آبپاشی پراجکٹس کے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن 25 جولائی کو ضلع کریم نگر کے پداپلی میں منعقد ہونے والے پداپلی پارلیمنٹ کانگریس کارکنوں کے اجلاس 28 جولائی کو محبوب نگر میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے اجلاس 30 جولائی کو عادل آباد میں کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس اور کسان سدسو جلسہ عام کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں تعمیر کردہ آبپاشی پراجکٹس کا افتتاح کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کچھ بھی نہ کرنے کا کانگریس پر الزام عائد کررہی ہے ۔ کانگریس کے 10 سالہ دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ زیر التواء پراجکٹس کی تعمیرات کو یقینی بناتے ہوئے نئے پراجکٹس کی تعمیرات 90 تا 95 فیصد تک مکمل کی گئی تھی تاہم ان پراجکٹس کی تکمیل سے کانگریس کو اعزاز پہونچنے کے خوف سے ٹی آر ایس حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کو ادھورا رکھتے ہوئے لاکھوں ایکڑ اراضی کو سیراب ہونے سے محروم کرتے ہوئے کسانوں اور زرعی شعبہ کو نقصان پہونچایا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ کانگریس کے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتوں اور رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے کسانوں کی آواز اٹھانے اور آبپاشی پراجکٹس کا دورہ کرنے کی وجہ سے ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ نے کل ضلع محبوب نگر میں تین لفٹ اریگیشن پراجکٹس سے پانی جاری کرتے ہوئے اس کو ٹی آر ایس کا کارنامہ قرار دینے کی مجرمانہ کوشش کی ہے ۔ کانگریس کی جانب سے تعمیر کردہ پراجکٹس پر کانگریس کی ستائش کرنے کے بجائے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنانے پر زیادہ توجہ دی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT