Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / صدر تلنگانہ پی سی سی کیپٹن اتم کمار مستعفی، افواہیں گشت

صدر تلنگانہ پی سی سی کیپٹن اتم کمار مستعفی، افواہیں گشت

جی ایچ ایم سی میں کانگریس کی شکست پر استعفیٰ کا مطالبہ، ہائی کمان سے شکایت متوقع
حیدرآباد ۔ 6 فبروری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کی شکست کے بعد صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور اتم کمار ریڈی کی جانب سے استعفیٰ کا بھی پیشکش کردینے کی افواہیں گشت کررہی ہیں۔ 150 رکنی جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کو صرف دو بلدی ڈیویژنس میں کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دانم ناگیندر نے گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ استعفیٰ دینے سے قبل ناگیندر نے الزام عائد کیا کہ انہیں مکمل اختیارات نہیں دیئے گئے تھے۔ ساتھ پارٹی میں گروپ بندیوں کو فروغ دینے کا بھی الزام عائد کیا۔ ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخابات میں کانگریس اپنی ضمانت بچانے میں بھی ناکام ہوئی تھی۔ ناگیندر کے استعفیٰ کے بعد صدر پردیش کانگریس پارٹی پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ پارٹی کے چند قائدین نے شکست کیلئے ذمہ دار قائدین کی فہرست ہائی کمان کو روانہ کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جس وقت نتائج برآمد ہورہے تھے اس وقت صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی دہلی میں تھے۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے جی ایچ ایم سی کے انتخابات پر اتم کمار ریڈی سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اتم کمار ریڈی نے انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت سے بھی مستعفی ہونے کا پیشکش کیا ہے۔ تاہم 13 فبروری کو اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخاب کے پیش نظر پارٹی ہائی کمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کو تبدیل کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ ضمنی انتخابات کی تکمیل کے بعد کانگریس ہائی کمان کی جانب سے کوئی قطعی فیصلہ کیا جانے کا امکان ہے۔ کانگریس ہائی کمان تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو مستحکم بنانے کے معاملے میں بھی سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور نئی عاملہ تشکیل دینے کیلئے مشاورت کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT