Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / صدر جمہوریہ کے قافلہ کی ایک کار کھائی میں گرپڑی، چھ زخمی

صدر جمہوریہ کے قافلہ کی ایک کار کھائی میں گرپڑی، چھ زخمی

پرنب مکرجی محفوظ ، چار روزہ دورے کے اختتام پر واپسی کے دوران گاڑی سڑک سے پھسل گئی تھی
ڈارجلنگ۔15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کے کاروں کے قافلہ سے ایک کار ایک پہاڑی سڑک پر پھسل کر 100فیٹ گہری کھائی میں گرپڑی جس کی وجہ سے کم از کم 6 افراد بشمول ایک آئی بی عہدیدار زخمی ہوگئے۔ صدر جمہوریہ ہند باگ ڈوگرا سے دہلی واپسی کی پرواز کے لئے اس راستے سے گزررہے تھے۔ وہ اس علاقہ کے چار روزہ سرکاری دورے پر تھے۔ وہ بالکل محفوظ ہیں۔ قافلہ کچھ دیر کے لئے روک دیا گیا تاکہ اس علاقہ کو محفوظ بنایا جاسکے۔ پریس سکریٹری وینو راجہ مونی نے کہا کہ حد بصارت میں کمی، بارش اور دھند کی وجہ سے ایس یو وی مہندرا اسکارپیو کار جو قافلے میں تیسرے مقام پر تھی اور جس میں صیانتی لائزن آفیسر انٹلیجنس بیورو اور مقامی پولیس عہدیدار سوار تھے۔ سڑک سے پھسل کر لڑکتی ہوئی 100 فیٹ گہری کھائی میں گرپڑی۔ بعدازاں سوندا کے قریب جو ڈارجلنگ سے 30 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے، درختوں میں پھنس گئی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جبکہ کاروں کا قافلہ ایک موڑ مڑرہا تھا۔ اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر انج شرما نے کہا کہ تمام چھ صیانتی ارکان عملہ کو 45 منٹ کی بچائو کارروائی کے ذریعہ بچاکر ہسپتال میں شریک کردیا گیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 80 سالہ پرنب مکرجی سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور یہ جاننے کے بعد کہ یہ ایک حادثہ تھا، اطمینان کی سانس لی۔ بچائو کارروائی میں مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی جو صدر جمہوریہ کے قافلے کے پیچھے آرہی تھیں شریک ہوگئیں۔ صیانتی ارکان عملہ نے بچائو کارروائی تیزی سے شروع کردی۔ ممتا بنرجی خود بھی ایک لائوڈ اسپیکر سنبھالے ہوئے ارکان عملہ کو جو کھائی میں گرگئے تھے، آواز دے رہی تھیں تاکہ ان کی موجودگی کے مقام کا پتہ چل سکے۔ صدر جمہوریہ کے فرزند رکن پارلیمنٹ ابھیجیت مکرجی نے بچائو کی کوششوں کی تصویر کشی کی اور خود بھی کھائی میں اترنے کی کوشش کررہے تھے لیکن صیانتی عملہ نے انہیں روک دیا۔ فوجی ارکان عملہ جو صدر جمہوریہ کے قافلے میں شامل تھے، بچائو کارروائی میں شامل ہوگئے۔ زخمی انٹلیجنس بیورو عہدیدار کو دہلی منتقل کیا جارہا ہے۔ صیانتی معیار صیانتی گاڑیوں کے دروازے کھلے رکھنے کی اجازت نہیں دیتی اس لئے یہ دروازے مقفل کردیئے گئے تھے۔ یہ ارکان عملہ کے لئے جو گاڑی میں سوار تھے، ایک مدد ثابت ہوا کیوں کہ گاڑی الٹتی ہوئی کھائی میں گر رہی تھی۔ راشٹرپتی بھون کے ٹیوئٹر پر تحریر کیا گیا ہے کہ پرنب مکرجی کی کاروں کا قافلہ ڈارجلنگ سے باگ ڈوگرا جاتے ہوئے حادثہ کا شکار ہوگیا۔ صیانتی ارکان عملہ کو معمولی چوٹیں آئیں۔

TOPPOPULARRECENT