Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / صدر نشین آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کا 27 اپریل کو انتخاب

صدر نشین آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کا 27 اپریل کو انتخاب

مومن احمد حسین کا انتخاب یقینی ، حج ہاوز کی ساتویں منزل پر دفتر کا قیام
حیدرآباد۔/19اپریل ،  ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے صدرنشین کا انتخاب 27 اپریل کو منعقد ہوگا۔ اس سلسلہ میں آندھرا پردیش حکومت کے پرنسپال سکریٹری ڈاکٹر وجئے کمار نے احکامات جاری کئے۔ آندھرا پردیش میں 14رکنی حج کمیٹی کی تشکیل کیلئے 16مارچ کو احکامات جاری کئے گئے تھے اور ارکان کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔ اب 26 اپریل کو کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوگا جس میں صدرنشین کا انتخاب کیا جائے گا۔ حج کمیٹی کی تشکیل کے اندرون 45یوم صدرنشین کا انتخاب قواعد کے مطابق ضروری ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر آندھرا پردیش حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اس سلسلہ میں حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی خواہش کی تھی۔ حکومت نے آندھرا پردیش وقف بورڈ کے ٹاسک فورس آفیسر عبدالقدوس کو الیکشن آفیسر مقرر کیا ہے جو صدرنشین کے انتخاب کی نگرانی کریں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اجلاس کیلئے ایک تہائی ارکان کی شرکت ضروری ہے اور 26اپریل کو 11:30بجے دن حج ہاوز میں اجلاس منعقد ہوگا۔ امکان ہے کہ صدرنشین کی حیثیت سے کرنول سے تعلق رکھنے والے مومن احمد حسین کا انتخاب کیا جائے گا۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس سلسلہ میں ارکان کو واضح اشارہ دیا ہے کہ وہ صدرنشین کی حیثیت سے مومن احمد حسین کو منتخب کریں۔ حج ہاوز کے ساتویں فلور پر آندھرا پردیش حج کمیٹی کیلئے علحدہ دفتر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ آندھرا پردیش حکومت نے کمیٹی میں ارکان کی حیثیت سے جن افراد کو شامل کیا ان میں محمد احمد شریف ایم ایل سی، شیخ مستان شریف زیڈ پی ٹی سی، ٹی محبوب صاحب ایم پی پی، شیخ اکبر باشاہ نائب ایم پی پی، مولانا الیاس، مفتی فاروق، کے محمد رفیع، عبدل چنا رحمن، حاجی شیخ حسن باشاہ، سید شاہ مخدوم بخاری اور کے محمد عثمان کو نامزد کیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ یا عہدیدار مجاز کمیٹی کے رکن ہوں گے جبکہ ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی با اعتبار عہدہ رکن اور کنوینر ہوں گے۔ کمیٹی کی میعاد تین سال مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حج 2016 کے آغاز سے قبل آندھرا پردیش حکومت نے حج کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے آندھرا پردیش کے عازمین کی بہتر خدمت کی راہ ہموار کی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی تشکیل کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے مساعی کا آغاز کیا اور توقع ہے کہ حج سیزن کے آغاز سے قبل تلنگانہ میں بھی کمیٹی تشکیل پاجائے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور دونوں ریاستوں کیلئے اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آندھرا پردیش میں انٹرنیشنل ایرپورٹ کی عدم موجودگی کے سبب حیدرآباد سے دونوں ریاستوں کے عازمین روانہ ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT