Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / صدر نشین وقف بورڈ کا ادارہ انیس الغربا کا دورہ

صدر نشین وقف بورڈ کا ادارہ انیس الغربا کا دورہ

مجوزہ کامپلکس کی تعمیر کی اراضی کا بھی محمد سلیم نے معائنہ کیا ۔ طلبا کو سہولتوں سے واقفیت
حیدرآباد۔24 اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج ادارۂ انیس الغرباء نامپلی کا دورہ کیا اور مجوزہ کامپلکس کی تعمیر کی اراضی کا معائنہ کیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایم اے منان فاروقی کے ہمراہ صدرنشین وقف بورڈ نے انیس الغرباء میں موجود 60 طلباء و طالبات کو فراہم کی جارہی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ یتیم و یسیر بچوں کی تعلیم و پرورش کے لیے قائم کردہ اس ادارے میں بعض ایسے بچے بھی شریک کرلیے گئے ہیں جو یتیم کے زمرے میں نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال داخلوں کے موقع پر اس شرط پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی نگرانی میں داخلے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں داخلوں کے سلسلہ میں بعض بے قاعدگیاں پائی گئیں اور رقومات کے خرچ کے سلسلہ میں بھی شکایات ملی ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ انیس الغربا کے موجودہ اسٹاف کو تبدیل کرتے ہوئے مستعد، ایماندار اور متحرک عملے کا تقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انگلش، اردو اور تلگو زبانوں کے علاوہ دیگر عصری کورسس کی تعلیم کے لیے قابل اساتذہ کا تقرر کیا جائے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے انیس الغرباء کی اراضی پر ناجائز قبضوں کا معائنہ کرتے ہوئے قابضین کو متنبہ کیا کہ وہ فوری اپنی سرگرمیوں سے بعض آجائیں۔ انہوں نے پرانے سامان کے تاجروں سے کہا کہ وہ انیس الغرباء کی اراضی سے اپنی سرگرمیوں کو علیحدہ کرلیں۔ حالیہ عرصہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے 7 ملگیات کو سڑک کی توسیع کے لیے منہدم کردیا ہے۔ کارپوریشن سے ان ملگیوں کا معاوضہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انیس الغربا سے متصل آر اینڈ بی کی 4 ہزار گز اراضی چیف منسٹر نے ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کے لیے فراہم کی ہے۔ 22 کروڑ روپئے کی لاگت سے ایک عصری اور شاندار کامپلکس تعمیر کیا جائے گا جو شہر میں ایک مثالی کامپلکس رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ایک ماہ چیف منسٹر کے ہاتھوں کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ محمد سلیم کے مطابق 22 کروڑ کے منجملہ حکومت نے 4 کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں اور تعمیری کاموں کے آغاز کے بعد مزید رقم جاری کی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ ایم اے منان فاروقی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کامپلکس کے سلسلہ میں پراجیکٹ رپورٹ جلد تیار کردیں۔ انیس الغربا کے بچوں کو 12 جون تک تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے اور ان بچوں کے سرپرست انہیں ساتھ لے گئے۔ کامپلکس کی تعمیر کے آغاز پر انیس الغرباء کے بچوں کو کسی موزوں مقام پر عارضی عمارت میں منتقل کیا جائیگا۔ صدرنشین وقف بورڈ کے دورے کے موقع پر مقامی افراد نے انیس الغربا کے مسائل کے بارے میں نمائندگی کی جس پر محمد سلیم نے کہا کہ وہ انیس الغرباء میں خامیوں کو دور کرکے اسے ایک عصری یتیم خانہ میں تبدیل کریں گے اور ایک ہزار بچوں کیلئے قیام کی گنجائش فراہم کی جائیگی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT