Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / صدر نشین وقف بورڈ کا کل مکہ مسجد کا دورہ

صدر نشین وقف بورڈ کا کل مکہ مسجد کا دورہ

مرمتی کاموں کا جائزہ لیا جائیگا ۔ تاخیر پر نمائندہ شخصیتوں کا اظہار تشویش
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کے تعمیری و مرمتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم جمعرات کو عہدیداروںاور مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ دورہ کریں گے ۔ شہر سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیتوں کے وفد نے آج صدرنشین وقف بورڈ سے ملاقات کرکے مکہ مسجد کی چھت کی مرمت میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ۔ وفد نے صدرنشین سے خواہش کی کہ وہ مسجد کا معائنہ کرکے آر اینڈ بی اور آثار قدیمہ کی جانب سے تاخیر پر تفصیلات طلب کریں۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اس تاریخی مسجد کے تحفظ کیلئے سنجیدہ ہیں اور 8کروڑ 40 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ۔ وقف بورڈ نے ایک کروڑ روپئے حال میں جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو مکہ مسجد کا دورہ کرنے کے بعد وہ آرکیالوجیکل سروے سے کام میں تاخیر پر وضاحت طلب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی یہ تاریخی مسجد دراصل تلنگانہ ریاست کی شان ہے اور اس کا تحفظ ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ محمد سلیم نے کہاکہ مسجد کی تزئین نو کیلئے اگر 8 کروڑ سے زائد کی رقم خرچ ہوگی تو وقف بورڈ اسے ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ محمد سلیم کے مطابق عوام کے مختلف گوشوں سے نمائندگی کی جارہی ہے کہ تعمیری کاموں کا فوری آغاز کیا جائے ۔ مکہ مسجد کی چھت انتہائی مخدوش ہوچکی ہے اور حکام کا لاپرواہی کا رویہ مسجد کو نقصان پہنچا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف جاہی خاندان کے مقابر پر مشتمل مقبرہ کی چھت کی مرمت پر خصوصی توجہ دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کا دورہ کرکے وہ تمام سہولتوں سے متعلق معلومات حاصل کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT