Friday , June 23 2017
Home / شہر کی خبریں / صدر پی سی سی تلنگانہ اتم کمار ریڈی پر عثمانیہ طلبہ کو مشتعل کرنے کا الزام

صدر پی سی سی تلنگانہ اتم کمار ریڈی پر عثمانیہ طلبہ کو مشتعل کرنے کا الزام

مخلوعہ جائیدادوں پر مرحلہ وار تقررات کرنے حکومت کا فیصلہ ، صدر ٹی آر ایس وی سرینواس یادو کا بیان
حیدرآباد ۔ 7۔ جون (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی طلبہ تنظیم ٹی آر ایس وی کے صدر سرینواس یادو نے الزام عائد کیا کہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کو حکومت کے خلاف مشتعل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی کارکردگی کے خلاف طلبہ میں اندیشے پیدا کرتے ہوئے تقررات کے بارے میں الجھن پیدا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن پوری شفافیت کے ساتھ تقررات کا عمل انجام دے رہا ہے اور حکومت نے تمام مخلوعہ جائیدادوں پر مرحلہ وار انداز میں تقررات کا فیصلہ کیا ہے ۔ پبلک سرویس کمیشن نے حال ہی میں اقامتی اسکولوں میں اساتذہ اور دیگر جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا اور امتحان کی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کے سی آر حکومت تمام محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے حق میں ہے تاکہ بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران طلبہ سے جو وعدے کئے گئے تھے ، ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ بعض گوشوںکی جانب سے پبلک سرویس کمیشن کے تقررات پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ میں الجھن پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کیلئے کمشنر پولیس حیدرآباد سے شکایت کی گئی ہے۔طلبہ تنظیم کے صدر نے کہا کہ عوام نے کانگریس قائدین کے بیانات کی کوئی اہمیت نہیں دی ہے کیونکہ اس پارٹی کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کی ترقی کے سی آر کا اولین مقصد ہے اور انہوں نے تلنگانہ میں جو فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ، اس کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے سوال کیا کہ 10 سالہ دور حکومت میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی تفصیلات جاری کریں۔ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پر کانگریس پارٹی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے طلبہ برادری سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے اتم کمار ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ کنٹراکٹ ملازمین کے مسئلہ پر کانگریس پا رٹی کے موقف کی وضاحت کریں۔ سرینواس یادو نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی اور ریاست کی دیگر یونیورسٹیز کے طلبہ حکومت کے ساتھ ہیں اور انہیں یقین ہے کہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو برسوں میں حکومت کئی محکمہ جات میں تقررات کی تیاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران مخالف تلنگانہ موقف اختیار کرنے والے کانگریس قائدین آج تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والی طلبہ برادری کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT