Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / صرف بہار انتخابات جیتنے کیلئے مودی خاموش

صرف بہار انتخابات جیتنے کیلئے مودی خاموش

سابق مرکزی وزیر و سینئر بی جے پی قائد ارون شوری کا الزام
نئی دہلی ۔2 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) سابق مرکزی وزیر و سینئر بی جے پی قائد ارون شوری نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی دانستہ طورپر دادری سانحہ جیسے واقعات پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جبکہ اُن کے ساتھی وزراء اور پارٹی کے ارکان اس مسئلہ کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ یہ صرف بہار انتخابات میں کامیابی کی چال ہے ۔ انھوں نے اتفاق کیا کہ مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ صرف ایک فرقہ کی نمائندگی کررہے ہیں ۔ انھوں نے ایک پاکستانی تجزیہ نگار کا حوالہ دیا جس نے کہا کہ پڑوسی ملک گہرے گڈھے سے باہر نکلنے کی کوشش کررہا ہے لیکن اس کوشش میں وہ مزید گہرائی میں اُترتا جارہا ہے ۔ بی جے پی کے سابق رازدار نے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی پر بھی سخت تنقید کی ۔ جنھوں نے کہاتھا کہ وزیراعظم عدم رواداری کے بدترین شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح وہ اپنے انتخابی جذبہ کا جواز پیدا کررہے ہیں ۔ مصنفوں ، شاعروں اور فنکاروں کے ایوارڈس واپس کرنے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کرن تھاپر کے انڈیا ٹوڈے چینل پر کہا کہ وہ تمام ’’باضمیر ‘‘ افراد ہیں ۔ اُن کے مقاصد پر اعتراض نہیں کیا جاسکتا ۔ سائنسداں پی ایم بھارگو اور انفوسیس کے بانی این آر نارائن مورتی کی ارون شوری نے ستائش کی ، جنھوں نے ان واقعات پر اظہارتشویش کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ان افراد کو پاگل کتے نے نہیں کاٹا تھا جیسا کہ ارون جیٹلی نے کہا ہے۔ بی جے پی قائدین کے بار بار دہرائے ہوئے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے ارون شوری نے کہاکہ وزیراعظم ہی اس مسئلے پر یہی بیانات دہرا رہے ہیں ۔ وہ اپنے طورپر کوئی اظہارخیال نہیں کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم کسی ہومیوپیتھی محکمہ کے شعبہ کے سربراہ نہیں ہے ، اُنھیں اپنے طورپر بیانات دینا چاہئے ۔ مہیش شرما کی سالگرہ پر اور جیمس کیمرون کی سالگرہ پر انھوں نے ٹوئٹر پر مبارکباد پیش کی جبکہ دادری سانحہ کو چند ہی دن گذرے تھے ۔ انھوں نے مودی کی خاموشی کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرا ایسا خیال ہے لیکن آپ کو ہرچیز حاصل نہیں ہوسکتی ، خاص طورپر ایسے لیڈر کو جو خود اپنے ارکان پر قابو نہ پاسکے ۔ مودی کو احساس بھی نہیں ہے کہ اُن کی خاموشی کی کیا نتائج نکلیں گے ۔ یہ آگ خود اُنھیں ہی جلاکر خاکستر کردے گی ۔ جب پورا ملک جل جائے گا تو اُن کے باقی رہنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔

TOPPOPULARRECENT