Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / صفائی کرمچاریوں کے مسائل کو حل کرنے اور اندراماں مکانات کو جلد تعمیر کرنے کا مطالبہ

صفائی کرمچاریوں کے مسائل کو حل کرنے اور اندراماں مکانات کو جلد تعمیر کرنے کا مطالبہ

اندراماں اسکیم میں بے قاعدگیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی پر زور : کے جاناریڈی
حیدرآباد ۔ 8 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے اپوزیشن لیڈر مسٹر کے جاناریڈی نے صفائی کرمچاریوں کے مسائل جلد از جلد حل کرنے اور اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی ادھوری تعمیرات کو جلد از جلد مکمل کرنے کا ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا۔ آج سی ایل پی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کے جاناریڈی نے کہا کہ صفائی کرنے والے مزدوروں کے مطالبات جائز ہیں۔ وہ اپنی زندگی کو خطرہ میں ڈال کر صحت و تندرستی کی پرواہ کئے بغیر شہروں اور گاؤں کی صفائی کے لئے دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں اور تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک طویل عرصے سے احتجاج کررہے ہیں۔ حکومت ان کے مسائل پر سنجیدگی سے غور کریں اور تنخواہوں میں اضافہ کے علاوہ دوسرے مطالبات کو فوری قبول کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے 10 سالہ دورحکومت میں تلنگانہ سے غربت اور خشک سالی جیسے مسائل کو حل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کا آغاز کیا ہے اور اس پر کروڑہا روپئے خرچ کئے ہیں۔ تاہم ٹی آر ایس پارٹی اقتدار پر آنے کے بعد آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات رک گئی ہیں۔ حکومت جنگی خطوط پر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم میں بے قاعدگیوں میں ملوث رہنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چند لوگوں کی بے قاعدگیوں کی وجہ سے تمام لوگوں کے بقایا جات کو روک دینا نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 14 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی۔ تاہم 9 لاکھ مکانات کی تعمیرات کا ابھی آغاز بھی نہیں ہوا ہے۔ صرف چند مکانات کی تعمیرات مکمل ہوئی ہے اور چند مکانات کی تعمیرات ادھوری ہیں۔ ادھورے مکانات کی تعمیرات کیلئے فنڈز جاری کرتے ہوئے تعمیرات کو مکمل کرنے پر زور دیا۔
اگر ادھوری تعمیرات کو مکمل نہیں کیا گیا تو استفادگان کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی نقصان ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT