Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / صومالیہ کے قصبہ میں بم دھماکہ ‘10افراد ہلاک

صومالیہ کے قصبہ میں بم دھماکہ ‘10افراد ہلاک

الشباب نے دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرلی ‘ موغادیشو سے اخراج سے باوجود مسلسل حملے جاری
موغادیشو۔21اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی صومالیہ کے ایک قصبہ میں مسلسل دو دھماکوں سے کم از کم 10افراد ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے بموجب الشباب عسکریت پسند گروپ نے قصبہ گالکایو کے ان دونوں بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ پولیس عہدیدار محمد عبدالغنی نے کہا کہ دو کار بم دھماکے حکومت مقامی کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بناکر کئے گئے جن میں 10سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ۔ مقامی شہری حسن عبدالقدیر نے کہا کہ انہوں نے 12نعشیں شمار کی ہیں جو اتنی جھلس گئی تھیں کہ ناقابل شناخت ہوچکی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی ہولناک تھے ۔پہلا دھماکہ ایک لاری کی وجہ سے ہوا جس میں دھماکو مادے بھرے ہوئے تھے ۔ دوسرا دھماکہ ایک منی بس میں ہوا ۔الشباب نے کہا کہ یہ حملے اُسی نے کئے ہیں ۔ ایک پیغام ٹیلیگرام کے ذریعہ تقسیم کیا گیا ہے

جس میں دعویٰ کیا گیاہے کہ کم از کم 30 افراد بشمول فوجی اور ’’ بے دین ‘‘ ہلاک ہوگئے ۔الشباب نے حکومت کے خلاف باقاعدہ حملے کئے ہیں جن کا نشانہ فوجی اور شہری تھے ۔ اس کیلئے خودکش کاربم برداروں اور بندوق برداروں کو استعمال کیا جاتا رہا ہے ۔ مارچ میں الشباب کے عسکریت پسندوں نے قصبہ گالکایو میں ایک ہوٹل پر حملہ کرتے ہوئے 6 افراد بشمول حکومت مقامی کے ایک ملازم کو ہلاک کردیا تھا ۔ القاعدہ سے مربوط گروپ الشباب بین الاقوامی حمایت یافتہ حکومت کا تختہ اُلٹنے کی جدوجہد کررہا ہے اور اسے توقع ہے کہ اُس کی پُرتشدد کارروائیاں انتخابات میں خلل اندازی پیدا کریں گی جو ستمبر اور اکٹوبر میں ہونے والے ہیں ۔ حقیقی یونین کے فوجیوں نے پانچ سال قبل الشباب کو موغادیشو سے نکال باہر کیا تھا لیکن اس نے رسٹورنٹس ‘ ہوٹلس اور فوجی اڈوں پر مسلسل حملے جاری رکھے ہیں ۔ پڑوسی ملکوں کینیا ‘ جبوتی ‘ حبش ‘ تنزانیا اور یوگانڈا کے علاوہ صومالیہ میں بھی مسلسل حملے جاری ہیں ۔

شمالی کیمرون میں خودکش بم دھماکہ 3ہلاک ‘کئی زخمی
یونڈسے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک خودکش بم بردار نے کیمرون کے بازار میں جو نائیجریا کی سرحد سے متصل ہے بم دھماکہ کرتے ہوئے کم ازکم تین افراد کو ہلاک اور دیگر 11کو زخمی کردیا ۔ کیمرون کے گورنرنے کہا کہ ایک مشتبہ نائیجریائی نوجوان نے بازار میں اپنی موٹر سیکل پر جو تیزرفتار تھی خودکش دھماکہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT