Tuesday , October 17 2017
Home / جرائم و حادثات / ضعیف شخص کاقتل‘ نوجوان خاتون اور دو ساتھی گرفتار

ضعیف شخص کاقتل‘ نوجوان خاتون اور دو ساتھی گرفتار

قرضہ واپس کرنے کے بجائے بیوہ کرایہ دار نے ضعیف مکان دار کا قتل کردیا
حیدرآباد۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے بھوانی نگر پولیس کی مدد سے 9 اپریل کو پرانے شہر کے علاقہ بھوانی نگر میں پیش آئے ضعیف شخص کے قتل میں ملوث ایک بیوہ خاتون اور بین ریاستی سارقین کی ٹولی کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ مسجد قباء ، بھوانی نگر کے قریب جاریہ ماہ ایک ضعیف شخص کا نامعلوم افراد کا قتل کردیا تھا اور مقتول کے کمرہ سے قیمتی زیورات اور دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا۔ بھوانی نگر پولیس نے قتل کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور شبہ کی بنیاد پر مقتول کی کرایہ دار 45 سالہ شبنم پٹھان کو حراست میں لے کر تفتیش کی جس میں اس نے ضعیف شخص کے قتل کروانے کا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شبنم نے پٹھان جو امان نگر بی میں رہنے والی ایک بیوہ عورت ہے، مقتول سے 80 ہزار روپئے بطور قرض حاصل کئے تھے، اور قرض کی ادائیگی کیلئے مقتول کی جانب سے دباؤ ڈالنے پر اس نے اپنے بوائے فرینڈ 34 سالہ شیخ جبار متوطن مہاراشٹرا کو ضعیف شخص کا قتل کردینے کیلئے کہا۔ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی چالاک بیوہ شبنم پٹھان کو اس بات کا علم تھا کہ اس کا مالک مکان غیرفطری عمل میں ملوث ہے اور مقامی نوجوانوں کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کئے ہوئے تھے۔ اسی دوران شیخ جبار کے ایک اور ساتھی امجد خان متوطن جھانسی (اُترپردیش) نے مقتول شخص کو فون کرکے یہ بتایا کہ وہ اس سے تعلقات قائم کرنے کیلئے تیار ہے۔ 10 اپریل کی شب امجد مقتول کے کمرہ میں داخل ہوا اور کچھ ہی دیر میں جبار اور اس کا ایک دیگر ساتھی مہاراشٹرا کا ساکن شیخ سکندر بھی وہاں پہنچ گیا اور تینوں نے ضعیف شخص کا وائر سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور بعدازاں مکان میں موجود 18 تولے طلائی زیورات لے کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے شیخ جبار، امجد خان اور شبنم پٹھان کو گرفتار کرلیا جبکہ شیخ سکندر پولیس کو مطلوب ہے۔

TOPPOPULARRECENT