Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ضلع رنگاریڈی میں موسم گرما کے دوران پانی کی قلت پر قابو پانے کے اقدامات

ضلع رنگاریڈی میں موسم گرما کے دوران پانی کی قلت پر قابو پانے کے اقدامات

مشن کاکتیہ کے تحت ضلع کو 160 کروڑ کی منظوری، ضلع پریشد اجلاس سے وزیر پی مہندر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 21 فروری (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ مسٹر پی مہندر ریڈی نے کہاکہ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی پانی کی قلت میں اضافہ ہورہا ہے۔ بالخصوص ضلع رنگاریڈی میں پینے کے پانی کی قلت اور عوام کو درپیش پانی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ آج یہاں منعقدہ ضلع پریشد ، ضلع رنگاریڈی کے اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو درپیش پانی کے مسائل اور پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے بورویلس کی درستگی کے علاوہ جہاں کہیں ضرورت ہو نئے بورویلس کی کھدائی عمل میں لاتے ہوئے واٹر ٹینکس کے ساتھ ساتھ ٹینکرس کے ذریعہ بھی پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ انھوں نے اجلاس کو بتایا کہ مشن کاکتیہ پروگرام کے پہلے مرحلہ کے تحت ضلع رنگاریڈی کے لئے 160 کروڑ روپیوں کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں واٹر گرڈ اسکیم کے لئے دو ہزار کروڑ روپئے مالیتی ٹنڈرس کے مراحل مکمل کرلئے گئے۔ مسٹر مہندر ریڈی نے کہاکہ آئندہ دو سال کے دوران گھر گھر پینے کے پانی کی سربراہی عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہاکہ بحیثیت انچارج ضلع وزیر وہ چیف منسٹر سے نمائندگی کے ذریعہ ضلع کی ترقی کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈس حاصل کرکے ترقیاتی اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ ضلع میں غریب عوام کو امکنہ کی فراہمی کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق حکومتوں کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ ضلع میں تمام اہل استفادہ کنندوں (افراد) کو ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تعمیر کے ذریعہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ضلع پریشد رنگاریڈی کے اس اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل اور تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT