Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ضلع عادل آباد کے کئی مواضعات کالیرا سے متاثر

ضلع عادل آباد کے کئی مواضعات کالیرا سے متاثر

ضلع کلکٹر ، ڈی ایم ایچ او متحرک ، ناقص صاف صفائی اہم وجہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے کئی مواضعات ان دنوں کالیرا کے لپیٹ میں آگئے ہیں ۔ اس کی اصل وجہ آلودہ پانی کا استعمال اور ناقص سنیٹیشن کا انتظام سمجھا جارہا ہے ۔ ذرائع کے بموجب ضلع میں اب تک چھ کسیس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ مریضوں کا تعلق بوتھ منڈل کے کوٹا ( بی ) کانی گٹہ ، پوچیرا اور نیگینی کے مواضعات سے ہے ۔ بوتھ کمیونٹی ہیلت سنٹر کے ڈاکٹر راہول نے کالیرا کے کیسیس کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دو مریضوں کے سمپلس کو ریمس میں میڈیکل ٹسٹ کے لیے روانہ کیا گیا تھا جس کے بعد اس کو اپولو ہاسپٹل حیدرآباد کو بھیج دیا گیا ۔ گذشتہ دو دنوں سے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر جلپت نائیک بذات خود دورہ کر کے حالات پر قابو پانے کی بھر پور مساعی کررہے ہیں اور وہ حالات پر نظر رکھ کر اس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے اقدامات پر توجہ دے رہے ہیں ۔ جب کہ ضلع کلکٹر عادل آباد مسٹر جگن موہن نے چہارشنبہ کے دن ہیلت سنٹر کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کے علاوہ ڈاکٹرس سے بات چیت کیا اور صورتحال سے واقفیت حاصل کی ۔ بعد ازاں کلکٹر نے کالیرا سے زیادہ متاثرہ ہونے والے موضع کوٹا ( بی ) کا دورہ کیا ۔ ذرائع کے بموجب نریدیگنڈہ قریہ کے دربھا تانڈہ سے تعلق رکھنے والے پانچ سال سے کم عمر والے سندیپ اور پردیپ ( دونوں آپس میں بھائی ) کالیرا سے شدید متاثر ہیں ۔ جنہیں چہارشنبہ کو بوتھ کے گورنمنٹ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ کمسن بچے اجابت سے شدید متاثر ہیں ۔ ڈاکٹر نائیک کے بموجب بوتھ کے سینئیر ہیلت آفیسر کی نگرانی میں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے ۔ مریضوں سے حاصل کردہ سمپلس کو ریمس میں ٹسٹ کے بعد کالیرا کی تصدیق کے لیے فوری طور پر بھیج دیا گیا ہے ۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ رپورٹ تاحال وصول نہیں ہوئی ہے ۔ ناقص صاف صفائی کے انتظام سے کالیرا کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ موسمی امراض کے انسداد پر قابو پانے کے لیے محکمہ پنچایت راج اور آر ڈبلیو ایس کے عہدیداروں پر الزامات ہیں ۔ اس موضع میں ڈرینج کا انتہائی خراب انتظام ہے جب کہ کچرا کی بروقت نکاسی نہیں ہورہی ہے اس وجہ سے موسمی امراض پھیل گئے ہیں جب کہ ریونیو سکریٹریز اور سرپنچس بھی اس پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT