Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ضلع کلکٹرس شجر کاری پروگرام میں اہم رول ادا کریں

ضلع کلکٹرس شجر کاری پروگرام میں اہم رول ادا کریں

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ہدایت ۔ تمام عوامی منتخبہ نمائندوں کا تعاون لینے پر بھی زور
حیدرآباد 10 جولائی ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ساری ریاست میں ہریتا ہارم پروگرام میں اہم رول ادا کریں۔ آج جاری کردہ ایک سرکاری اعلامیہ میںچیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں اس پروگرام پر قریبی نظر رکھیں تاکہ اس شجر کاری کی اس مہم کو کامیاب بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ وہ روزآنہ کی اساس پر انہیں رپورٹ روانہ کریں۔ یہ پروگرام ساری ریاست تلنگانہ میں دو ہفتوں تک جاری رہے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ دوسرے محکمہ جات کے ساتھ بھی اس پروگرام کے سلسلہ میں تعاون و اشتراک کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ وہ سرپنچ سے لے کر دوسرے عوامی نمائندوں جیسے وزرا ‘ ارکان اسمبلی ‘ ارکان کونسل ‘ ارکان پارلیمنٹ اور عہدیداروں کے علاوہ این جی اوز اور سیلف ہیلپ گروپس کے ساتھ مل کر بھی کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ سب بھی شجرکاری کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں جو حکومت کی جانب سے منعقد کی جا رہی ہے ۔

چیف منسٹر نے عوام ‘ اسکولس ‘ تاجروں اور ریاست کے بزنس مینس سے بھی کہا کہ وہ ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیں اور ریاست کے تمام اضلاع میں 46 کروڑ پودے لگانے کے نشانہ کو پورا کیا جاسکے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تمام راستوں ‘ سڑکوں ‘ شاہراہوں ‘ مین روڈز ‘ مارکٹ علاقوں ‘ کھلے مقامات ‘ پارکس ‘ عوامی مقامات ‘ اسکولس ‘ عوامی و خانگی اداروں ‘ سرکاری و خانگی دفتر اور خالی جگہوں پر شجرکاری مہم چلائی جانی چاہئے اور یہاں پودے لگائے جانے چاہئیں۔ حکومت کے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق ریاست کو سرسبز و شاداب بنانے کی مہم کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت کیلئے بھی تمام تر اقدامات کئے جانے چاہیں۔ چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تشہیر کے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئے عوام میں بھی اس تعلق سے شعور بیدار کرنے اقدامات کریں اور اس ضرورت کو اجاگر کیا جائے کہ شجرکاری مہم کے دوران جو پودے لگائے جا رہے ہیں ان کی حفاظت کی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس مہم کو بہرصورت اور بہترین کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے حتی المقدور اقدامات کریں۔

شہر میں ہریتا ہارم پروگرام ‘ چیف جسٹس و ڈپٹی چیف منسٹر کی شرکت
حیدرآباد 10 جولائی ( سیاست نیوز) حکومت کے شجر کاری کیلئے منعقد کئے جارہے ہریتا ہارم پروگرام کل 11 جولائی پیر کو شہر کے مختلف مقامات پر منعقد ہوگا ۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ حیدرآباد صبح 9.30 بجے ہائیکورٹ میں شجرکاری میں حصہ لیں گے ۔ اس کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی 11.30 بجے دن قلی قطب شاہ پالی ٹکنک میں شجرکاری پروگرام میں حصہ لیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT